سیاسی وفاداریاں بدلنے کا موسم

ٹنڈوالہ یار میں مقامی سطح پر اہم سیاسی شخصیات اپنی پارٹیاں چھوڑ کر مسلم لیگ فنکشنل میں شمولیت کا ارادہ رکھتی ہیں۔

سابق ناظمہ ٹنڈوالہ یار ڈاکٹر راحیلہ مگسی مسلم لیگ فنکشنل میں شمولیت کا ارادہ رکھتی ہیں۔ فوٹو : فائل

عام انتخابات کے لیے سیاسی جماعتوں کی سرگرمیوں میں تیزی آگئی ہے۔

ٹنڈوالہ یار میں مختلف سیاسی جماعتوں کے مرکزی قائدین جلسۂ عام سے خطاب کرنے اور مخالفین کو اپنے ساتھ ملانے اور عوام کی حمایت حاصل کرنے کے لیے کوشش کر رہے ہیں۔ گذشتہ ہفتے جماعت اہل سنت نے ٹنڈوالہ یار کے عبدالغنی پارک میں ایک جلسۂ عام کا انعقاد کیا۔ جلسۂ عام کے انعقاد سے چند روز قبل مقامی انتطامیہ نے جماعت اہل سنت کو اس کی اجازت دینے سے نہ صرف انکار کر دیا تھا بلکہ عبدالغنی پارک میں سیاسی تقریبات پر پابندی بھی عاید کر دی تھی، تاہم ان کی طرف سے انعقادِ جلسہ کے پُر زور اصرار اور اعلان پر انتظامیہ کو اس کی اجازت دینا پڑی۔

اہل سنت و الجماعت کے جلسے میں ہزاروں افراد نے شرکت کی، جس سے مختلف راہ نماؤں نے خطاب کیا، میرواہ ناکہ پر قائم کمبوہ گارڈن میں سیکڑوں خواتین نے بھی قائدین کا خطاب سنا۔ جلسے میں اہل سنت و الجماعت کے سرپرست اعلیٰ محمد احمد لدھیانوی، مرکزی سیکریٹری اطلاعات مولانا اورنگزیب فاروقی، مرکزی نائب صدر معاویہ اعظم، صوبہ سندھ کے صدر غازی سید پریل شاہ بخاری، سکھر ڈویژن کے صدر ثناء اللہ حیدری، شہداد پور سے آئے ہوئے راہ نما قاری مقبول اور متحدہ دینی محاذ کے مرکزی راہ نما اور اہل سنت و الجماعت ٹنڈوالہیار کے صدر سید سکندر شاہ و دیگر موجود تھے۔

''پیغمبر انقلاب ﷺ و دفاع پاکستان کانفرنس'' کے نام سے منعقدہ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے محمد احمد لدھیانوی نے اس جلسے کو انقلاب کی نوید بتاتے ہوئے کہاکہ عام الیکشن میں اہل سنت و الجماعت بھرپور کام یابی حاصل کرے گی۔ انھوں نے کہا کہ دشمن ہمیں راستے سے ہٹانے کی کوشش کرتے ہیں، لیکن جسے اللہ رکھے اسے کون چکھے، گذشتہ دنوں کراچی میں مولانا اورنگزیب فاروقی پر قاتلانہ حملہ کروایا گیا۔ اس سے قبل اعظم طارق شہید، علامہ علی شیر حیدری جیسے بہادروں کو شہید کیا گیا، ان کی شہادتوں سے ہمارے حوصلے پست نہیں، بلکہ بلند ہوئے ہیں۔


انھوں نے کہا کہ ٹنڈوالہ یار کے عوام کو بیدار ہو کر فیصلہ کرنا ہوگا کہ آیندہ کس کا ساتھ دینا ہے۔ جلسۂ عام سے مرکزی سیکریٹری اطلاعات مولانا اورنگزیب فاروقی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ربیع الاوّل کے مبارک مہینے میں ہمیں طے کرنا ہوگا کہ الیکشن میں اہل سنت کو کام یابی سے ہم کنار کروائیں۔ انھوں نے کہا کہ ہم ملک بھر میں بھرپور طریقے سے الیکشن میں حصہ لیں گے، کوئی دھونس دھمکی سے ہمیں الیکشن لڑنے سے نہیں روک سکتا۔ شہادتیں ہمارے حوصلے بلند کرتی ہیں۔

دوسری جانب پاکستان مسلم لیگ فنکشنل ٹنڈوالہ یار میں خاصی متحرک نظر آرہی ہے، اس سلسلے میں باخبر ذرایع بتاتے ہیں کہ مقامی سطح پر اہم سیاسی شخصیات اپنی پارٹیوں کو چھوڑ کر مسلم لیگ فنکشنل میں شمولیت کا ارادہ رکھتی ہیں، ان میں سابق ناظمہ ٹنڈوالہ یار ڈاکٹر راحیلہ مگسی کا نام بھی شامل ہے، جن کے بھائی ڈاکٹر عرفان گل مگسی بھی فنکشنل لیگ میں شامل تھے۔ باخبر ذرایع کاکہنا ہے کہ راحیلہ مگسی کی فنکشنل لیگ کے ساتھ بات چیت طے پاچکی ہے، اب صرف اعلان ہونا باقی ہے۔

عین ممکن ہے، کہ اس کا اعلان یہاں ایک بڑے جلسے میں کیا جائے گا، جس کی تیاریاں بھی کی جارہی ہیں۔ ذرایع کے مطابق راحیلہ مگسی کے بعض قریبی ساتھیوں کی بھی مسلم لیگ فنکشنل میں شمولیت کا امکان ہے۔ ٹنڈوالہ یار میں مسلم لیگ فنکشنل کی انتخابات سے متعلق تیاریاں بھی زور پکڑتی جارہی ہیں۔ بارہ ربیع الاوّل کے موقع پر فنکشنل لیگ کی جانب سے جلوس کی گزر گاہوں پر استقبالیہ کیمپ لگائے گئے تھے، جلوس کا شان دار استقبال اور شرکاء پر گل پاشی کرنے کے ساتھ ساتھ ان میں لنگر تقسیم کیا گیا۔

ٹنڈوالہ یار میں سیاسی معرکے میں کون سی جماعتیں ایک دوسرے کے سامنے ہوں گی، اس بارے میں کچھ کہنا قبل از وقت ہو گا، البتہ سیاست پر گہری نظر رکھنے والے حلقے پاکستان پیپلز پارٹی کے لیے اس مرتبہ میدان خالی نہیں دیکھ رہے بلکہ ان کے مطابق اسے مشکل صورت حال کا سامنا کرنا پڑے گا۔
Load Next Story