موجودہ حکمرانوں نے ورکرز بورڈ کے اختیارات بھی چھین لیے

چوہدریوں کو خوش کرنے کیلیے نئی وزارت بنا کر مزدور دشمن اقدامات کیے،آصف خٹک

ورکرز ویلفیئر بورڈ فنڈ کے وسائل کو مزدوروں کی فلاح و بہبود کے بجائے سیاسی مقاصد کیلیے استعمال کیا جا رہا ہے۔ فوٹو: فائل

متحدہ لیبر فیڈریشن سندھ کے چیئرمین انجینئر محمد آصف خٹک نے کہا ہے کہ صوبائی خود مختاری کے دعویدار حکمرانوں نے اٹھارویں آئینی ترمیم سے قبل سندھ ورکرز ویلفیئر بورڈ کو حاصل تمام مالی اور انتظامی اختیارات چھین لیے اور چوہدری برادران کو خوش رکھنے کے لیے نئی وزارت بنا کر یہ اختیارات مرکز کے حوالے کر دیے جو مزدور دشمن عمل ہے۔

ایک بیان میں انھوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں سندھ ورکرز ویلفیئر بورڈ ایک لیٹر بکس بن کر رہ گیا ہے، ہر صوبائی ہیڈ کوارٹرز میں ریجنل آفس بنا کر بورڈ کو اس طرح غیر موثر بنا دیا گیا ہے کہ ملازمت کے دوران وفات پانے والے کارکنان کے ورثاء کو سالہا سال گزرنے کے باوجود ڈیتھ گرانٹ اور کارکنان کو جہیز گرانٹ، اسکالر شپ نہیں ملتی جبکہ موجودہ حکومت نے تو انتہا کرتے ہوئے سلائی مشینوں کی اسکیم بھی بند کر دی ہے۔




ورکرز ویلفیئر بورڈ فنڈ کے وسائل کو مزدوروں کی فلاح و بہبود کے بجائے سیاسی مقاصد کیلیے استعمال کیا جا رہا ہے اور ویلفیئر اسکیموں سے فوائد کیلیے ایسی ایسی ناقابل عمل شرائط رکھی جا رہی ہیں جن کی وجہ سے 80 فیصد مزدور ان مراعات کو حاصل نہیں کر سکتے۔ انھوں نے مطالبہ کیا کہ چاروں صوبائی ورکرز ویلفیئر بورڈ کے وہ تمام اختیارات بحال کیے جائیں جو کہ اٹھارویں ترمیم سے قبل انہیں حاصل تھے، جبکہ ویلفیئر اسکیموں سے فوائد کے حصول کے حوالے سے نا قابل عمل شرائط ختم کی جائیں اور تمام مراعات آن لائن بینک اکاؤنٹ کے ذریعے ادا کرنے کا سلسلہ جاری رکھا جائے تاکہ کسی قسم کی کرپشن کا امکان نہ ہو۔
Load Next Story