گروپ بی کی دیگر ویمنز ٹیمیں بھی سہولیات سے محروم

سیکیورٹی خدشات کی بنا پر فائیو اسٹار ہوٹلز نے کمروں کی بکنگ سے انکار کردیا۔

آسٹریلیا، کیوی اور جنوبی افریقہ کے اسکواڈز کا اوسط درجے کے ہوٹل میں قیام ہوگا۔ فوٹو: وکی پیڈیا

''ہم تو ڈوبے ہیں صنم تم کو بھی لے ڈوبیں گے''۔ پاکستان ویمنز ٹیم کو ملنے والی دھمکیوں نے ورلڈ کپ کے گروپ بی میں شامل کی دیگر ٹیموں کو بھی معیاری سہولیات سے محروم کردیا۔

سیکیورٹی خدشات کی بنا پر فائیو اسٹار ہوٹلز کی طرف سے بکنگ سے انکار کے بعد آسٹریلیا، نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقہ کے اسکواڈز کو درمیانے درجے کے ہوٹل میں ٹھہرانے کے انتظامات کیے جار ہے۔ تفصیلات کے مطابق کسی بھی آئی سی سی ایونٹ میں شریک ٹیموں کو فائیو اسٹار رہائش اور دیگر سہولیات کی فراہمی میزبان ملک کی ذمہ داری ہوتی ہے، سیکیورٹی خدشات کے سبب پاکستان ٹیم کو بارابتی اسٹیڈیم تک ہی محدود کردیا گیا، اب دیگرگروپ بی کی ٹیموں آسٹریلیا، نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقہ کو بھی کم تر معیار کی سہولیات پر گزارہ کرنا پڑے گا۔




ایک سینئر پولیس افسر کے مطابق ہر ممکن تعاون کی پیشکش کے باوجود فائیو اسٹار ہوٹلز کھلاڑیوں کو رہائش فراہم کرنے پر آمادہ نہیں ہوئے، تینوں ٹیموں کے قیام کیلیے شہید نگر کے ایک اوسط ہوٹل میں انتظامات کرنا پڑے۔ ذرائع کے مطابق پلیئرز کیلیے 45 کمرے بک کئے گئے ہیں، ایک کا یومیہ کرایہ 7 ہزار روپے ہے۔

ہوٹل کے ملازمین پہلی بار انٹرنیشنل ٹیموں کی میزبانی کاموقع ملنے پر بہت خوش ہیں، انھوں نے کہا کہ معزز مہمانوں کا تلک لگا کر گلدستوں کے ساتھ استقبال کریں گے۔ ڈی سی پی نتن جیت سنگھ کا کہنا ہے کہ ہوٹل میں کھلاڑیوں کی سیکیورٹی کیلیے خصوصی انتظامات کر رہے ہیں، انتظامیہ سے کہا ہے کہ احتیاطی تدابیر کا خاص طور پر خیال رکھیں، اگرضروری ہوا تو ہوٹل کو مزید افراد کی بکنگ نہ کرنے کا پابند بھی کیا جاسکتا ہے، مہمان ٹیموں کے پریکٹس اور ورلڈ کپ میچز کے دوران بھی سیکیورٹی انتہائی سخت ہوگی۔
Load Next Story