بھارتی شائقین نے کوہلی کے صفر پرآؤٹ ہونے کا ذمہ دار پاکستان کوقرار دیدیا
آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں سری لنکا کے خلاف میچ کے دوران بھارتی کپتان ویرات کوہلی کے صفر پر آؤٹ ہوئے تو بھارتی شائقین اور تو کچھ نہ کرسکے تاہم انہوں نے پاکستانی خاتون صحافی زینب عباس کو مورد الزام ٹھہرادیا۔
بھارت پاکستان پر الزام لگانے کا کوئی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیتا، بھارتی میڈیا اور مداحوں نے اے بی ڈی ویلیئرز کی مثال پیش کرتے ہوئے کہا کہ پروٹیز کپتان کے ساتھ میچ سے قبل صحافی نے سیلفی لی اور وہ ون ڈے کیریئر میں پہلی مرتبہ گولڈن ڈک پر آؤٹ ہوئے جس کے بعد کوہلی کی بھی خاتون صحافی کے ساتھ تصویرآئی اوروہ بھی صفرپر آؤٹ ہوگئے حالانکہ کوہلی کی زینب کے ساتھ تصویر پاک بھارت میچ سے قبل یکم جون کو سوشل میڈیا پر شیئر ہوئی تھی۔
سوشل میڈیا پر اس حوالے سے دلچسپ تبصرے دیکھنے کوملے۔ ہیمنت نے لکھا کہ "زینب کی سیلفی کا دشنام پھر چل گیا، اب کوہلی صفر پر آؤٹ ہو گیا، کل ڈی ویلیئرز ہوا تھا۔"
ایک اور صارف نے پاکستان کے سری لنکا کے ساتھ مقابلے کے حوالے سے ٹوئٹ کیا، جس میں ازراہ مذاق یہ بتایا گیا ہے کہ سری لنکن کرکٹ بورڈ کی جانب سے اہم اور خفیہ پیغام میں ٹیم پلیئرز کے ساتھ ساتھ اسٹاف کو زینب عباس نام کی پاکستانی صحافی سے ملنے سے منع کر دیا ہے۔
ایک اورٹویٹر صارف نے لکھا کہ ایک پٹیشن لائی جارہی ہے اس بات کو یقینی بنانے کیلئے کہ آئی سی سی ایونٹس کے دوران زینب عباس کو بھارتی کھلاڑیوں سے دور رکھا جائے۔