پاک بھارت ہاکی سیریز پر ملائیشیا میں مذاکرات ہونگے

روایتی حریف کے ساتھ ملائیشین ٹیم بھی رواں برس پاکستان کا ٹور کریگی،باجوہ کو یقین۔

روایتی حریف کے ساتھ ملائیشین ٹیم بھی رواں برس پاکستان کا ٹور کریگی،باجوہ کو یقین۔ فوٹو: فائل

پاکستان اور بھارتی ہاکی آفیشلز ایشین فیڈریشن کے اجلاس میں دو طرفہ سیریز کیلیے سر جوڑ کر بیٹھیں گے۔

یہ میٹنگ یکم سے 3 فروری تک ملائیشیا کے دارالحکومت کوالالمپور میں ہوگی، اس موقع پر مذاکرات میں روایتی حریفوں کے درمیان سیریز کے معاملات کو حتمی شکل دی جا سکتی ہے۔ سیکریٹری پی ایچ ایف محمد آصف باجوہ پُرامید ہیں کہ بھارت کیساتھ ملائیشیا کی ٹیم بھی رواں برس پاکستان کا دورہ کریگی۔ تفصیلات کے مطابق سرحدی کشیدگی کی وجہ سے پاک بھارت تعلقات جہاں حکومتی سطح پر خراب ہوئے وہیں۔

کھیلوں کی سرگرمیاں بھی متاثر ہوئیں،حال ہی میں قومی ٹیم کے9 کھلاڑیوں کو انڈین ہاکی لیگ میں شرکت کیے بغیر وطن واپس لوٹنا پڑا، خواتین ورلڈ کپ میں پاکستانی ٹیم کے میچز سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر ممبئی سے منتقل ہوئے،ان حالات کے باوجود پاکستان ہاکی فیڈریشن پُرامید ہے کہ سیریز شیڈول کے مطابق ہوگی۔




آصف باجوہ نے کہا کہ ہم کوشش کریں گے کہ پہلے مرحلے میں بھارتی ٹیم پاکستان کا دورہ کرے، میڈیا سے بات چیت میں انھوں نے کہا کہ میں صدر پی ایچ ایف قاسم ضیا کے ساتھ 30 جنوری کو ملائیشیا جا رہا ہوں جہاں یکم فروری سے شیڈول ایشین ہاکی فیڈریشن کی میٹنگ میں شرکت کرینگے،اس موقع پر سالانہ کیلنڈر، ٹورنامنٹس کے مقامات، تقرریوں سمیت مختلف امورکا جائزہ لیا جائیگا۔

ہماری انڈین ہاکی کے سربراہ نریندرا بٹرا سے بھی ملاقات ہو گی جس میں سیریز کے معاملات کو حتمی شکل دی جائیگی،کوشش ہو گی کہ ابتدائی مرحلے میں بھارتی ٹیم دورہ کرے۔ سیکریٹری پی ایچ ایف نے کہا کہ ہمارہ ملائیشیا ہاکی فیڈریشن کے عہدیداروں سے بھی ملاقات شیڈول ہے جس میں ان کی ٹیم کو دورئہ پاکستان کی دعوت دی جائیگی۔ انھوں نے کہا کہ دسمبر اور جنوری میں پاکستان سپر لیگ کا انعقاد کیا جائیگا۔
Load Next Story