انڈسٹری میں خطرناک گروپ بندیاں نئے فنکاروں کو سامنے نہیں آنے دیتیں حیا

لابی سسٹم کی وجہ سے فلم انڈسٹری میں بے شماررکاوٹیں درپیش ہیں، اداکارہ

ثابت قدمی نے مجھے الگ شناخت دی ، ٹی وی سیریل اورفلموں کے معیارمیں بہتری صرف نوجوان نسل کی مرہون منت ہے، اداکارہ۔ فوٹو : فائل

معروف اداکارہ و ماڈل حیاء سہگل نے کہا ہے کہ فنون لطیفہ کے تمام شعبوں میں جب تک اپنے حقوق کے لیے خود سے جدوجہد نہ کی جائے تب تک بہت سی رکاوٹوں کا سامنا رہتا ہے۔

''ایکسپریس'' سے گفتگوکرتے ہوئے حیاء نے کہا کہ پاکستان کی شوبز انڈسٹری بھی ایک مشکل ترین شعبہ ہے۔ یہاں پر نوجوان فنکاروں کو آسانی کے ساتھ کام کا موقع نہیں ملتا۔ فلم، ٹی وی، تھیٹر، میوزک، رقص اور فیشن کے شعبوں میں گروہ بندیاں اس قدر خطرناک ہیں کہ وہ نئے لوگوں کو آگے آنے نہیں دیتیں۔ جب میں نے شوبزکی دنیا میں قدم رکھا توبہت سی نام نہاد ہیروئنوں کو پریشانی لاحق ہوئی اور انھوں نے اپنی لابی اور گروپ بندی کے ذریعے مجھے بہت سے اچھے پروجیکٹس سے محروم کیا۔ وہ سازش کرکے مجھے کچھ پروجیکٹس سے دوررکھنے میں کامیاب رہیں، لیکن میری صلاحیتوں کوسازش سے روکنا ان کے بس کی بات نہ تھی۔ یہی ہوا کہ میں ثابت قدمی کے ساتھ اپنا کام کرتی رہی اورآج بہت کم عرصہ میں اپنی الگ شناخت رکھتی ہوں۔


اداکارہ نے کہا کہ ٹی وی سیریل اور فلموں کے معیارمیں نظر آنی والی بہتری صرف اور صرف نوجوان نسل کی بدولت ہے جنہوں نے اپنی صلاحیتوں کے بل پر کچھ تجربات کیے اور انھیں کامیابی ملی۔ اگر اسی طرح یہ سلسلہ جاری رہے تو مسلسل کامیابی ملے گی۔

ایک سوال کے جواب میں حیاء نے کہا کہ ٹی وی کے ساتھ ساتھ فلموں میں بھی کام کررہی ہوں، لیکن خود کوصرف فلم یا ٹی وی تک محدود نہیں رکھ سکتی۔ دونوں شعبوں میں جب بھی اچھا کام ملے گا، وہی میری اولین ترجیح ہوگا۔
Load Next Story