جے آئی ٹی کو دھمکیاں سپریم کورٹ پر حملہ ہے بلاول بھٹو

حیران ہوں کہ ابھی تک انھیں توہین عدالت کے نوٹس کیوں نہیں ملے، نوازشریف کو امیرالمومنین نہیں بننے دیں گے، بلاول

کل سے اسلام آباد کا 5 روزہ دورہ، غیرملکی سفیروں، جماعت اسلامی، جے یو آئی و دیگر سیاسی رہنماؤں سے بھی ملاقاتیں متوقع۔ فوٹو: فائل

پیپلزپارٹی کے چیئیرمین بلاول بھٹو نے کہاہے کہ جے آئی ٹی کو دھکمیاں سپریم کورٹ پر حملہ ہے، حیران ہوں کہ ابھی تک انھیں توہین عدالت کے نوٹس کیوں نہیں ملے۔

لاہور میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انھوںنے کہاکہ شہباز شریف براہ راست سپریم کورٹ کے خلاف بولتے ہیں تو نوٹس کیوں نہیں لیا جاتا، یہ تقریق کیوں ہے۔ انھوں نے کہاکہ امیرالمنین بننا نواز شریف کا خواب ہے لیکن ہم پورا نہیں ہونے دیںگے، پاناماکیس سے بچ بھی گئے تب بھی انھیں امیرالمومنیں نہیں بننے دیں گے۔ سینیٹ انتخابات میں بھی نواز لیگ کو سرپرائز ملے گا، سینیٹ انتخابات کیلیے یہ جتنے پرامید ہیں ان کے پاس اتنے ارکان نہیں۔نواز لیگ کے اپنے ارکان بھی سینیٹ الیکشن میں ان کے ساتھ نہیں ہوں گے۔


اسلام آباد سے نمائندہ ایکسپریس کے مطابق پیپلزپارٹی کے چیئرمین کل 5روزہ دورے پراسلام آباد پہنچیں گے، اس دوران وہ یورپی ممالک سمیت اہم ملکوں کے سفیروں سے ملاقات کریںگے جبکہ جماعت اسلامی، بی این پی عوامی اور جے یوآئی سمیت اہم سیاسی جماعتوں کے قائدین سے بھی ملاقاتیں کریں گے، بلاول بھٹو جمعہ 16جون کو2 روزہ دورے پر پشاور بھی جائیں گے۔

ادھر پیپلزپارٹی کے ذرائع کے مطابق پیپلزپارٹی پنجاب کے رہنماؤں کی جوق درجوق تحریک انصاف میں شمولیت پر پارٹی کے چیئرمین نے ایک مرتبہ پھر پارٹی عہدیداروں اور سابق پارلیمنٹیرینز کو متحرک کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وہ پارٹی کے ناراض کارکنوں سے بھی ملاقاتیں کرکے ان کے تحفظات سنیں گے جبکہ پشاور ڈویژن کے پارٹی عہدیداروں سے ملاقاتوں کے علاوہ ورکرز کنونشن سے بھی خطاب کریںگے۔

 
Load Next Story