کراچی میں انتہا پسند تنظیموں کیخلاف کارروائی کی جائے الطاف حسین

شاید مجھے کبھی پاکستان نہ آنے دیا جائے، قائد متحدہ کا اسلام آباد میں خطاب، آج لاہور میں ورکرز کنونشن ہوگا

راولپنڈی:ایم کیوایم کے رہنما اور کارکن قائد الطاف حسین کا پارٹی اجلاس سے خطاب سن رہے ہیں۔ فوٹو: آن لائن

متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے صدر آصف زرداری اور وزیر اعظم راجا پرویز اشرف سے مطالبہ کیا ہے کہ کراچی میں انتہا پسند تنظیموں کے دہشت گردوں کی جانب سے بم دھماکوں اور دہشت گردی کی کارروائیوںکا نوٹس لیتے ہوئے ان کیخلاف فوری، بھرپور اور موثر کارروائی کی جائے اور شہریوں کوجان و مال کا تحفظ فراہم کیا جائے۔

الطاف حسین نے بدھ کو سہراب گوٹھ میں دہشت گردوں کی جانب سے بم دھماکے اور پولیس پر حملوں کی شدید مذمت کی۔ اپنے بیان میں انھوں نے کہا کہ سہراب گوٹھ کے علاقے میں گذشتہ روز بھی کالعدم تنظیم کے مسلح دہشتگردوں نے تھانے پر حملہ کیا تھا اور آج بھی پولیس پر بم سے حملہ کیا گیا جبکہ ایک اور دھماکے میں3افراد جاں بحق ہوئے۔ الطاف حسین نے کہا کہ دہشت گردوں کی کارروائیاں دن بدن بڑھتی جارہی ہیں اور اب شہر کے عوام ہی بلکہ پولیس بھی دہشت گردوں کے نشانے پر ہے لیکن حکومت کی جانب سے دہشت گردوں کے خلاف موثر کارروائی کرنے اور عوام کو تحفظ فراہم کرنے کے بجائے صرف ایسے اعلانات پر اکتفا کی جارہا ہے جن سے لوگوں میں احساس تحفظ کے بجائے مزید خوف اور بے چینی پھیل رہی ہے۔

دریں اثنا پنجاب میں ایم کیوایم کے تنظیمی سیٹ اپ کی تشکیل نو کے سلسلے میں اسلام آبادکے مقامی ہوٹل میںمنعقدہ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے الطاف حسین نے کہا کہ ایم کیوایم بلٹ کے بجائے بیلٹ کے جمہوری طریقے سے پاکستان کے فرسودہ اور کرپٹ سیاسی نظام میں مثبت تبدیلی چاہتی ہے اوراسی مقصد کیلیے پرامن انقلاب کی جدوجہد کررہی ہے۔ ایم کیوایم ، اسٹیٹس کو اور فرسودہ جاگیردارانہ نظام کاخاتمہ چاہتی ہے، ہم پاکستان کو مضبوط، مستحکم اور خوشحال بناناچاہتے ہیں۔ جب تک پاکستان میں جاگیرداروں، وڈیروں اور تمام اداروں سے حساب کتاب لینے کا نظام قائم نہیں ہوجاتا، میں چین سے نہیں بیٹھوں گا۔




 

اس موقع پر صوبہ پنجاب میں ایم کیوایم کے فکروفلسفے اور نظریے کو عوام الناس میں مربوط اور منظم انداز میں فروغ دینے کیلیے صوبہ کو تنظیمی لحاظ سے3 حصوں اسلام آباد اپرپنجاب، سینٹرل پنجاب اور جنوبی پنجاب میں تقسیم کرکے تنظیمی سیٹ اپ کی تشکیل نو کااعلان کیا گیا۔ اجتماع میںایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی، سینٹرل ایگزیکٹو کونسل کے ارکان،حق پرست ارکان پارلیمنٹ، اسلام آباد اور راولپنڈی کے ذمے داران کے علاوہ مختلف شہروں کی چیمبرآف کامرس کے نمائندوں نے بھی شرکت کی ۔ اس موقع پر شرکا نے الطاف حسین کی اپیل پر اسلام آباد میں ایم کیو ایم کے دفتر کی خریداری کیلیے دل کھول کرعطیات بھی دیے ۔

خطاب کے دوران الطاف حسین نے ملک بھر کے حق پرست عوام کو سندھ اسمبلی کی4 نشستوں پرضمنی انتخابات میں حق پرست امیدواروں کی بلامقابلہ کامیابی پر دلی مبارکباد پیش کی ۔ انھوں نے کہاکہ ایم کیوایم گذشتہ 25 برسوں سے صوبہ پنجاب سمیت ملک بھر میں حق پرستانہ پیغام کے فروغ کی کوششیں کررہی ہے۔جب جب ایم کیوایم نے ملک بھر میں اپنے پیغام کوفروغ دینے کی کوشش کی سازشی عناصر نے کراچی اور سندھ کے دیگر شہروں میں حالات کوخراب کرکے ان کی بنیاد پر پنجاب، خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں ایم کیوایم کے خلا ف منفی پروپیگنڈہ مہم شروع کردیا تاکہ عوام کے ذہنوں کواس طرح پراگندہ کردیا جائے کہ وہ ایم کیوایم کی دعوت تو کجا اس کانام تک سنناگوارا نہ کریں۔

الطاف حسین نے کہا کہ ایم کیوایم واحد جماعت ہے جو98 فیصد محروم اور محکوم عوام کی نمائندگی کررہی ہے۔ الطاف حسین نے کہاکہ ایم کیوایم بہت جلد پنجاب میں باصلاحیت ، تعلیم یافتہ اور ایماندار افراد کا عظیم الشان جلسہ منعقدکرے گی جو پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا اجتماع ثابت ہوگا ۔ الطاف حسین نے بین الاقوامی اداروں اور پاکستان کے ارباب اختیارکو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ اگر غریب ومتوسط طبقے کے پرامن انقلاب کوروکنے کیلیے طاقت کا استعمال کیا گیا تو ہم اپنی جانوں کی قربانیاں دیکر پرامن انقلاب لاکر دکھائیں گے۔

الطاف حسین نے کہاکہ ایم کیوایم چاہتی ہے کہ خواتین کو برابری کی بنیاد پر حصہ دیا جائے ، غیرمسلم پاکستانیوں کو برابر کا شہری تسلیم کیا جائے ، فرقہ واریت کی بنیاد پر کسی کو کافرقراردینے کے فتوے کو جرم بنادیا جائے۔98 فیصد غریب ومتوسط طبقے کی حکمرانی ہو، زرعی آمدنی پر ٹیکس نافذ کیا جائے اور ملک سے کرپٹ سیاسی کلچر اور موروثی سیاست کا خاتمہ ہو۔

Recommended Stories

Load Next Story