داعش نے پاکستان سے ملحقہ اہم افغان سرحدی علاقے تورا بورا پر قبضہ کر لیا

داعش نے چار روز تک گھمسان کی جنگ کے بعد طالبان کو پسپا کردیا، ترجمان ننگر ہار صوبائی کونسل

طالبان نے تورا بورا پر داعش کے قبضہ کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ لڑائی جاری ہے۔ فوٹو: فائل

ISLAMABAD:
مشرقی افغانستان میں داعش نے چار روز تک جاری رہنے والی گھمسان کی جنگ کے بعد طالبان کو پسپا کرتے ہوئے پاکستان سے ملحقہ اہم ترین سرحدی علاقے تورا بورا پر قبضہ کر لیا۔

جرمن خبر رساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے افغان صوبہ ننگرہار کی صوبائی کونسل کے رکن استاد اسرار اللہ مراد نے بتایا کہ طالبان اور داعش کے جنگجوؤں کے درمیان چار روز تک جاری رہنے والی جھڑپوں کے بعد داعش نے تورا بورا کے پہاڑی علاقوں پر قبضہ کر لیا ہے، جنگ کی وجہ سے مقامی رہائشی اپنے گھر بار چھوڑ کر دیگر علاقوں میں نقل مکانی کر گئے ہیں۔


دوسری جانب طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے امریکی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے تورا بورا پر داعش کے قبضہ کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ ابھی تک لڑائی جاری ہے۔

واضح رہے کہ تورا بورا کا پہاڑی سلسلہ غاروں پر مشتمل ہے، 2001 میں افغانستان پر امریکی حملے کے بعد القاعدہ کے سربراہ اسامہ بن لادن اور دیگر رہنماؤں نے تورا بورا کے غاروں میں ہی پناہ حاصل کی تھی جس کی وجہ سے اس علاقے کو خاصی شہرت حاصل ہو گئی تھی۔
Load Next Story