سپریم کورٹ نے چیئرمین نیب کو توہین عدالت کا نوٹس جاری کردیا

عدالت کسی صورت انتخابات کا التوا نہیں چاہتی اورنہ ہی الیکشن میں کسی قسم کی تاخیر ہونی چاہئے، عدالتی فیصلہ

عدالت سے محاذآرائی کرکے انتخابات ملتوی کرنے کی کوشش کی گئی اور چیرمین نیب نے خط لکھ کر الیکشن کے التوا کے حالات پیدا کئے، عدالتی فیصلہ۔ فوٹو اے ایف پی

صدرآصف زرداری کو عدالت کے حوالے سے لکھے گئے خط سے متعلق سپریم کورٹ نے چیرمین نیب فصیح بخاری کو توہین عدالت کا نوٹس جاری کرتے ہوئے 4 فروری کو پیش ہونے کا حکم دیا ہے۔

عدالت نے رینٹل پاورعملدرآمد کیس میں اپنے مختصرحکم نامے میں کہا ہے کہ عدالت سے محاذآرائی کرکے انتخابات ملتوی کرنے کی کوشش کی گئی اور چیرمین نیب نے خط لکھ کر الیکشن کے التوا کے حالات پیدا کئے یہ بات روزروشن کی طرح عیاں ہے کہ عدالت کسی صورت انتخابات کا التوا نہیں چاہتی اورنہ ہی الیکشن میں کسی قسم کی تاخیر ہونی چاہئے، رضا ربانی سمیت کئی سیاستدانوں نے جمہوری نظام کودرپیش خطرات کا ذکرکیا۔


سپریم کورٹ نے اپنے مختصرحکم نامے میں کہا کہ عدالت کے آئینی اختیار کو کم کرنے کی کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی۔

اس سے قبل چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کی سربراہی میں رینٹل پاور عملدرآمد کیس کی سماعت ہوئی، دوران سماعت پراسیکیوٹرجنرل نیب کے کے آغا نے چیئرمین نیب کا خط عدالت میں پڑھ کرسنایا، اس موقع پر چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ ایسے موقع پر یہ خط کیوں لکھا گیا، پراسیکیوٹرجنرل نیب کا کہنا تھا کہ میں بطور وکیل کوئی رائے نہیں دے سکتا۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ جس اندازمیں سپریم کورٹ کے بارے میں الفاظ بیان کیے گئے اس سے عام لوگوں میں کیا تاثر جائے گا ہم روز کہتے ہیں کہ قانون کو راستہ بنانے دیں اور یہ سب کچھ عوام کا جمہوریت پر اعتماد بحال کرنے کے لئے کرتے ہیں۔

Recommended Stories

Load Next Story