ٹرین کی ٹکٹوں کی بلیک کا سلسلہ شروع انٹر نیٹ پر بھی مافیا سرگرم

ہزاروں کی تعداد میں شہری ٹکٹوں کے حصول کیلیے دھکے کھانے پرمجبور کردیے گئے ہیں۔

اسٹیشن پرایجنٹ دگنی قیمت پرٹکٹ بیچ رہے ہیں ،ایک گھنٹے میں سیکڑوں ٹکٹ انٹرنیٹ پر کیسے فروخت ہوئیں؟ شہری۔ فوٹو : فائل

عید الفطر کے موقع پر اندرون ملک جانے والے شہریوں کی بڑی تعداد ریل گاڑیوں میں ٹکٹ حاصل کرنے سے محروم رہ گئی ہے جس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ریلوے ٹکٹوں کی بلیک کا سلسلہ شروع کردیا گیا۔

عید الفطر کے موقع پر کراچی سے ملک کے دیگر حصوں کو جانے والے تمام ریل گاڑیوں کی بکنگ مکمل ہوجانے کی وجہ سے ہزاروں کی تعداد میں شہری ٹکٹوں کے حصول کیلیے دھکے کھانے پرمجبور کردیے گئے ہیں، اس ساری صورتحال سے فائدہ اٹھاتے ہوئے مفاد پرست عناصر نے دگنی قیمت پر ٹکٹوں کی فروخت شروع کردی ہے۔


ذرائع نے بتایا کہ ریلوے حکام کی جانب سے ٹکٹوں کی آئن لائن بکنگ کی سہولت کا ناجائز فائدہ اٹھاتے ہوئے بڑی تعداد میں ٹکٹیں بلیک کی جارہی ہیں جبکہ ریلوے حکام کے مطابق 19 سے 26 جون تک کراچی سے روانہ ہونے والی تمام ریل گاڑیوں کی بکنگ مکمل ہوگئی ہے تاہم تاحال روزانہ ہزاروں افراد انھیں تاریخوں میں ٹکٹوں کے حصول کیلیے پاکستان ریلوے کے ریزرویشن آفس آرہے ہیں، اس صورتحال کا فائدہ اٹھاتے ہوئے مفاد پرست ٹولے نے ریزرویشن آفس کے باہر اور ریلوے اسٹیشن کے قریب ٹکٹٰیں بلیک کرنے کا سلسلہ شروع کردیا ہے اور فی ٹکٹ دگنی قیمت وصول کی جارہی ہے۔

شہریوں نے وزیر ریلوے سعدرفیق سے مطالبہ کہا ہے کہ ایک گھنٹے میں سیکڑوں ٹکٹ انٹرنیٹ پرکیسے فروخت ہوگئے، تحقیقات کی جائے۔
Load Next Story