امریکی بحریہ اور فلپائنی تجارتی جہاز میں تصادم متعدد فوجی زخمی اور لاپتہ

واقعہ جاپان کے ساحل پر پیش آیا، لاپتہ فوجیوں کی تلاش کا کام جاری، زخمیوں میں کمانڈنگ افسر شامل

امریکی جہاز یو ایس ایس فٹز جیرالڈ میں پانی بھرنے لگا ہے تاہم ڈوبنے کا خطرہ نہیں۔ فوٹو: رائٹرز

جاپان کے ساحل پر امریکی بحری جہاز اور فلپائنی تجارتی جہاز میں ٹکر کے بعد کمانڈنگ افسر سمیت متعدد فوجی زخمی اور 7 لاپتہ ہوگئے۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق جاپان کے دارالحکومت ٹوکیو کی بندرگاہ کے قریب امریکی ایجس گائیڈڈ میزائل ڈسٹرائر اور ایک تجارتی جہاز اے سی ایکس کرسٹل میں تصادم ہوگیا، جس کے نتیجے میں جنگی جہاز کو کافی نقصان پہنچا۔ جاپانی کوسٹ گارڈ نے بتایا کہ امریکی جہاز یو ایس ایس فٹز جیرالڈ میں پانی بھرنے لگا ہے تاہم اس کے ڈوبنے کا خطرہ نہیں۔


امدادی کارکنوں نے کمانڈنگ افسر سمیت 3 زخمیوں کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے جاپان میں امریکی بحری اڈے یوکوسوکا کے اسپتال منتقل کیا ہے۔ امریکی بحریہ نے کہا کہ کمانڈنگ افسر کموڈور برائس بینسن کی حالت خطرے سے باہر ہے اور سمندر میں لاپتہ ہونے والے فوجیوں کی تلاش کا کام جاری ہے، جب کہ تصادم کی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔

یو ایس ایس فٹز جیرالڈ کا شمار دنیا کے جدید ترین جنگی جہازوں میں ہوتا ہے اور اس کے پاس انتہائی جدید ریڈار نظام ہے، جس کے نتیجے میں سوالات جنم لیں گے کہ آخر عملہ 700 فٹ لمبے تجارتی جہاز سے تصادم کو روکنے میں کیوں ناکام رہا۔ جاپانی میڈیا کے مطابق اس حادثے میں تجارتی جہاز کو بہت کم نقصان پہنچا۔
Load Next Story