ورلڈ ٹوئنٹی 20 2018 انعقاد پر شکوک کے بادل منڈلانے لگے
آئی سی سی ورلڈ ٹوئنٹی 20 ایونٹ عام طور پر ہر دو برس بعد منعقد ہوتا ہے، آخری مرتبہ یہ ٹورنامنٹ 2016 میں بھارت میں کھیلا گیا تھا تاہم اس بار انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے 2018 میں اس کو اپنے پروگرام میں شامل نہیں کیا تھا، براڈ کاسٹر کے ساتھ معاملات طے پانے کی صورت میں آئندہ برس مختصر ترین فارمیٹ کے انعقاد کا عندیہ دیا تھا تاہم اب اس کا امکان کم دکھائی دے رہا ہے۔
آئی سی سی کے ہی ذرائع کا کہنا ہے کہ ورلڈ ٹوئنٹی 20 کا اگلا ایڈیشن اب 2020 میں ہی کھیلا جائے گا، ان کا کہنا تھا کہ یہ بات درست ہے کہ آئندہ سال ورلڈ ٹی 20 کے انعقاد کا امکان کم ہے، اس کیلیے میزبان ملک کا تعین تک نہیں ہوا ہے، ایک اور بڑی وجہ آئندہ برس ممبر ممالک کے درمیان بہت زیادہ باہمی سیریز بھی ہیں جن میں آئی سی سی ٹورنامنٹ کیلیے جگہ نکالنا بہت مشکل ہے۔ انھوں نے مزید کہاکہ اس فارمیٹ کا اگلا ورلڈ ایونٹ اب 2020 میں ہی ہوگا جس کا میزبان آسٹریلیا ہوگا، ممبر ممالک کو باہمی سیریز کیلیے جگہ درکار ہے کیونکہ یہی ان کی کمائی کا بڑا ذریعہ ہوتی ہے۔
یاد رہے کہ آئی سی سی ورلڈ ٹوئنٹی 20 کے سابق ایونٹس جنوبی افریقہ (2007)، انگلینڈ (2009)، ویسٹ انڈیز (2010)، سری لنکا (2012)، بنگلہ دیش (2014) اور بھارت (2016) میں کھیلے جاچکے ہیں۔ اگرچہ زیادہ تر ممالک کی اپنی ٹوئنٹی 20 لیگز بھی ہیں اس کے باوجود ورلڈ ٹوئنٹی 20 کی مقبولیت میں کوئی کمی نہیں آئی، گذشتہ برس بھارت میں منعقد ہونے والے ایونٹ نے بھی بے پناہ کامیابی حاصل کی تھی۔ اس حوالے سے حتمی فیصلہ جمعے سے شروع ہونے والی آئی سی سی سالانہ کانفرنس میں کیا جائے گا۔