بھارت میں پاکستان کی فتح پر جشن منانے والے 15 مسلمان گرفتار

پولیس نے ریاست مدھیا پردیش میں 15 مسلمانوں کو گرفتار کرکے بغاوت کا مقدمہ درج کرلیا۔

پولیس نے ریاست مدھیا پردیش میں 15 مسلمانوں کو گرفتار کرکے بغاوت کا مقدمہ درج کرلیا—فائل فوٹو

چیمپیئنز ٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹ کے فائنل میں بھارت کی شکست اور پاکستان کی شاندار کامیابی پر جشن منانے والے 15 افراد کو بھارتی پولیس نے بغاوت کے الزامات میں گرفتار کرلیا۔

بھارتی اخبار کی رپورٹ کے مطابق پولیس نے ریاست مدھیا پردیش سے 15 مسلمانوں کو پاکستان کے حق میں نعرے لگانے اور آتش بازی کرنے کے الزام میں گرفتار کیا۔ ان افراد کا تعلق برہان پور ضلع سے ہے جب کہ پولیس کا کہنا ہے کہ انہیں جلد مقامی عدالت میں پیش کیا جائے گا۔


پولیس انسپکٹر سنجے پاٹھک کے مطابق ایک شہری نے فون کرکے پولیس کو بتایا کہ چیمپیئنز ٹرافی فائنل میں بھارت کی شکست کے بعد کچھ لوگ پاکستان کے حق میں نعرے لگارہے ہیں اور جشن منارہے ہیں جس کے بعد پولیس نے معاملے کی تحقیقات کی اور 15 افراد کو اس میں ملوث پایا۔

پولیس افسر نے مزید بتایا کہ ان تمام افراد پر تعزیرات ہند کے سیکشن 120 بی (مجرمانہ سازش) اور 124 اے (بغاوت) کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
Load Next Story