شام میں امریکی اتحادی فورسز نے ایرانی ساختہ ڈرون مار گرایا

ایف 15 اسٹرئیک ایگل نے ایرانی ساختہ شاہد 129 ڈرون طیارے کو مار گرایا جو شامی فضائیہ کے زیر استعمال تھا۔

دو ہفتوں کے دوران شامی فضائیہ کے زیر استعمال ڈرون گرائے جانے کا یہ دوسرا واقعہ ہے — فوٹو : فائل

شام میں داعش کے خلاف برسرپیکار امریکی اتحاد نے شامی فضائیہ کا طیارہ گرانے کے بعد ایرانی ساختہ ڈرون کو بھی تباہ کردیا۔

غیر ملکی خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق امریکی حکام نے اس بات کی تصدیق کی کہ امریکا کی قیادت میں داعش کے خلاف جنگ کرنے والے اتحاد کے جنگی طیارے ایف 15 اسٹرئیک ایگل نے ایرانی ساختہ شاہد 129 ڈرون طیارے کو مار گرایا جو کہ شامی فضائیہ کے زیر استعمال تھا اور دو ہفتوں کے دوران شامی فضائیہ کے زیر استعمال ڈرون گرائے جانے کا یہ دوسرا واقعہ ہے۔


امریکی فوج کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اتحادی طیارے نے اردن کی سرحد کے قریب شام کے علاقے ال طنف میں ڈرون طیارے کو نشانہ بنایا۔ امریکی حکام نے دعویٰ کیا کہ ڈرون طیارہ ہماری فورسز کے لیے خطرہ تھا اور وہ ان پر بم گرانے کا ارادہ رکھتا تھا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی امریکی طیارے نے شامی فضائیہ کے جنگی طیارے کو مار گرایا تھا جس کے بعد روس اور امریکا کے درمیان کشیدگی میں اضافہ ہوگیا جب کہ روس نے دھمکی دی ہے کہ اب وہ بھی شام میں امریکا اور اس کے اتحادیوں کے طیاروں کو اپنا ہدف سمجھے گا جبکہ اس نے امریکا کے ساتھ قائم ہاٹ لائن رابطہ بھی ختم کردیا، دوسری جانب روس کی دھمکی کے بعد آسٹریلیا نے شام میں اپنا فضائی آپریشن بند کردیا ہے۔
Load Next Story