زیریں سندھ میں بجلی کا بحران تاجر سڑکوں پر آگئے

غیرعلانیہ لوڈشیڈنگ سے زندگی اجیرن،مشتعل افراد کا دھرنا ،سڑکیں بلاک کر دیں،حیسکو کو 3دن میں شیڈول جاری کرنیکا الٹی میٹم

غیر علانیہ لوڈشیڈنگ سے زندگی اجیرن، مشتعل افراد کا دھرنا ،سڑکیں بلاک کر دیں،حیسکو کو 3 دن میں شیڈول جاری کرنیکا الٹی میٹم. فوٹو : فائل

زیریں سندھ میں بجلی کا بحران شدت اختیار کر گیا، علانیہ و غیر علانیہ لوڈ شیڈنگ نے شہریوں کی زندگی اجیرن بنا دی، مزدوروں کو بیروز گاری کا سامنا ہے جبکہ پانی کا بھی بحران پیدا ہو گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق بدین شہر اور نواح میں بجلی کا بحران شدت اختیار کر گیا، بجلی سے چلنے والے کاروبار ٹھپ ہونے سے مزدور بیروزگار ہو گئے ہیں۔ گزشتہ ایک ہفتے سے 15 گھنٹے بجلی کی غیر علانیہ لوڈ شیڈنگ کے خلاف موٹر سائیکل ڈیلرز ایسوسی ایشن نے طارق عزیز میمن، شجاعت خواجہ، شو کت میمن کی قیادت میں مہران چوک پر احتجاجی مظاہرہ کیا اور دھرنا دے کر مین بدین، حیدرآباد روڈ بلاک کردیا، مظاہرین نے حیسکو کو 3 دن کے اندر لوڈ شیڈنگ کا شیڈول واضح کر کے حیسکو آفس میں آویزاں کرنے کا الٹی میٹم دیا۔




انھوں نے متنبہ کیا کہ اگر غیر علانیہ لوڈ شیڈنگ ختم نہیں کی گئی تو حیسکو کے خلا ف عدالت میں پٹیشن دائرکی جائے گی۔ ادھر تلہار میں بھی روزانہ 12 سے18 بجلی کی فراہمی معطل رہتی ہے جس کے باعث شہریوں کی زندگی اجیرن بن گئی ہے جبکہ طلبہ کو امتحانات کی تیاریوں میں بھی مشکلات کا سامنا ہے جبکہ علاقے میں بجلی نہ ہونے سے واٹر سپلائی کا نظام بھی درہم برہم ہو کر رہ گیا ہے۔ شہریوں نے اعلیٰ حکام سے غیر علانیہ لوڈ شیڈنگ ختم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
Load Next Story