نگراں وزیر اعظم بزنس کمیونٹی میں سے چنا جائے تاجر

سابق چیئرمین کیڈا محمد عرفان کے قاتلوں کو جلد از جلد گرفتار کرکے سزا دلوائی جائے۔

چیف جسٹس پاکستان کراچی میں قیام امن کو یقینی بنانے کی ہدایات جاری کریں۔ فوٹو : ایکسپریس

کراچی الیکٹرانکس ڈیلرز اورچھوٹے تاجروں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ کراچی الیکٹرونکس ڈیلرز ایسوسی ایشن کے سابق چیئرمین مرحوم محمد عرفان بھائی کے قاتلوں کو جلد ازجلدگرفتارکرکے عبرتناک سزادی جائے۔

چیف جسٹس آف پاکستان کراچی میں طویل دورانیے سے جاری قتل وغارت گری کانوٹس لیتے ہوئے مستقل بنیادوں پرقیام امن کو یقینی بنانے کی ہدایات جاری کریں، سپریم کورٹ کراچی الیکٹرانکس ڈیلرز ایسوسی ایشن کے انتخابات کے انعقاد کے احکامات جاری کریں اور اچھے ساکھ کے حامل چھوٹے یابڑے تاجروں میں سے عبوری حکومت کا وزیراعظم بنایا جائے۔

یہ بات کراچی ا لیکٹرانکس ڈیلر ز کے رہنما محمد عرفان کے صاحبزاے محمد رضوان،آل کراچی تاجراتحاد کے چیئرمین عتیق میر،رینبو سینیٹرایسوسی ایشن کے صدرسلیم میمن،حاجی ناصرترک ودیگر نے ہفتے کوایک ہنگامی پریس کانفرس سے خطاب کے دوران کہی، محمد رضوان نے کہا کہ سپریم کورٹ کیڈا کے انتخابات میں رکاوٹ کا نوٹس لیتے ہوئے عدالتی احکامات کی دھجیاں اڑانے والے عناصر کو شوکاز نوٹس جاری کرے۔ انہوں نے کہاکہ میرے مرحوم والد کے قاتلوں کو گرفتارکرکے عبرتناک سزا دی جائے اورکراچی میں امن وامان قائم کرنے کے اقدامات کو تیز اوربہتربنایا جائے۔




تاجراتحاد کے صدر جمیل پراچہ نے کہاکہ آئندہ انتخابات کے لیے چھوٹے تاجروں کی نمائندگی کرنے والے تاجروں میں سے اچھے ساکھ کے حامل تاجرکو ملک کا وزیراعظم بنایا جائے ۔عتیق میرنے کہا کہ اسمال چیمبر آف کامرس بنائے جانے کااعلان خوش آئند عمل ہے اورتمام چھوٹے تاجروں کی منزل ایک ہے بہت جلد اسمال چیمبر آف کامرس قائم کرکے چھوٹے تاجروں کے مسائل کوحل کیا جائیگا۔

سلیم میمن اور حاجی ناصرترک نے مطالبہ کیا کہ چھوٹے تاجروں سمیت بڑے تاجروں کے سربراہ ایس ایم منیر کو ملک کا قائم مقام وزیراعظم نامز دکیا جائے تاکہ تاجروں کودرپیش مسائل کوحل کیا جائے۔
Load Next Story