آئی ایم ایف کا ارجنٹائن کو رکنیت سے محروم کرنے کا انتباہ

غلط ڈیٹا کی فراہمی پر پہلی بارکسی رکن ملک کیخلاف اظہار ناپسندیدگی کا ڈیکلریشن جاری۔

سخت ایکشن لینے سے گریز، شرائط پوری کرنے کیلیے 29 ستمبر تک کی مہلت دیدی۔ فوٹو: رائٹرز/فائل

آئی ایم ایف نے ارجنٹائن کی جانب سے درست معاشی اعدادوشمار مہیا نہ کرنے پر اسے سخت تنقید کا نشانہ بنایا تاہم ادارے کے ایگزیکٹو بورڈ نے بظاہر سخت ایکشن لینے سے گریز کیا تاکہ بیونس آئرس کو عالمی ادارے سے اپنے تعلقات بہتر بنانے پر وقت مل سکے۔

یاد رہے کہ ایسا پہلی بار ہوا ہے کہ آئی ایم ایف کو کسی ملک کی جانب سے غلط اعدادوشمار مہیا کیے گئے ہوں اور عالمی ادارے نے ایسے رکن ملک کے خلاف کارروائی کی ہو۔آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈ کی ارجنٹائن کی جانب سے جی ڈی پی اور افراط زر سے متعلق ڈیٹا کو ناکافی قراردیا اور ارجنٹائن کے خلاف اظہار ناپسندیدگی کا ڈیکلریشن جاری کردیا گیا جس کے نتیجے میں ارجنٹائن کے آئی ایم ایف میں نہ صرف اپنے ووٹنگ رائٹس بلکہ رکنیت سے بھی محروم ہونے کا خدشہ ہے۔




عالمی ادارے کی جانب سے ارجنٹائن حکومت کو 29 ستمبر تک اپنی شرائط پوری کرنے کیلیے ہدایت کی، اس سلسلے میں آئی ایم ایف سربراہ کرسٹائن لاگارڈے 13 نومبر تک اپنی رپورٹ بورڈ کو پیش کریں گی۔ ایگزیکٹو بورڈ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وہ ارجنٹائن سے ڈیٹا میں بہتری لانے کیلیے مذاکرات کے تیار ہے۔
Load Next Story