فلم مہرالنساء وی لب یو کا شاندار پریمئر شو فنکاروں کی شرکت

ناقدین کے فلم کو ملے جلے تاثرات جبکہ ایڈوانس بکنگ میں فلم مہرالنسا وی لب یو سب سے آگے۔

یہ فلم یاسر نواز کی دوسری فلم ہے اس سے قبل وہ 2015 میں باکس آفس کی کامیاب فلم”رونگ نمبر“ پیش کرچکے ہیں۔ فوٹو: فائل

عیدالفطر پر ریلیز ہونے والی فلم "مہرالنسا وی لب یو" کا کراچی کے مقامی سینما گھر میں شاندار پریمیئر، شوبز ستاروں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

فلم "مہرالنسا وی لب یو" کے پروڈیوسر یاسر نواز کا کہنا تھا کہ اس فلم کو کرنے کا آئیڈیا مجھے اپنی گزشتہ فلم رانگ نمبر کی بے انتہا کامیابی کے بعد آیا، مجھے اس بات کا احساس ہوا کہ شائقین معیاری انٹرٹینمنٹ دیکھنا چاہتے ہیں، جس کا اندازہ رانگ نمبر میں لوگوں کی دلچسپی سے لگانا میرے لیے کچھ مشکل نہیں تھا۔

یاسرنواز نے بتایا کہ فلم کو انٹرٹینمنٹ، رومانس، ڈرامہ اور مزاح کو شائقین کی پسند کے مطابق مدنظر رکھ کر تیار کیا گیا ہے، فلم میں پاکستان کے بڑے اور مہنگے ترین سیٹس سمیت انتہائی خوبصورت مناظر کی عکس بندی کی گئی ہے جو کہ شائقین کو یقینا پسند آئے گی، امید ہے کہ پاکستانی سینماوں کی بحالی میں فلم اپنا کردار ادا کرے گی۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ ڈرامہ، میوزک اور مزاح سے بھرپورانٹرٹینمنٹ فلم ہے جو میری طرف سے شائقین کو عیدی ہے۔


فلم کی کاسٹ سمیت، ہدایتکار، پروڈیوسر، فنکار برادری اور صحافی برادری نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور جذبات،ایکشن، ڈرامہ اور مزاح سے بھرپور فلم کو پاکستانی فلم انڈسٹری کے لیے بہترین کاوش قرار دیا۔ فلم کے مرکزی کرداروں میں معروف اداکار دانش تیمور اور ثناء جاوید شامل ہیں جبکہ دیگر کرداروں میں جاوید شیخ ، قوی خان، یاسر نواز، ندا یاسراورحسن ضیاء شامل ہیں، جبکہ فلم کے پروڈیوسرز بھی یاسر، ندا اور حسن ہی ہیں۔ جن کی کاوشوں سے فلم نے اپنی تیاری کے مراحل تیزی سے طے کیے ہیں۔

پرئمیر شو کے موقع پر فنکاروں کا کہنا تھا کہ فلم عید کے حوالے سے ایک اچھی فلم ثابت ہوگی۔ فلم میں ٹیم ورک بہت عمدہ انداز میں نظر آیا ہے امید ہے کہ پاکستانی عوام کے لئے عید کے کسی بڑے تحفے سے کم نہیں ہوگی۔

واضح رہے کہ فلم دیکھنے کے بعد ناقدین نے فلم کو ملے جلے تاثرات دئیے تاہم فلم ایڈوانس بکنگ کی دوڑ میں سب سے آگے ہے جبکہ یہ فلم یاسر نواز کی دوسری فلم ہے اس سے قبل وہ 2015 میں باکس آفس کی کامیاب فلم"رونگ نمبر" پیش کرچکے ہیں۔
Load Next Story