عماد وسیم نمبر ون ٹی ٹوئنٹی بالر بن گئے

ٹی ٹوئنٹی ٹیم رینکنگ میں قومی ٹیم تیسرے نمبر پر موجود ہے

عماد وسیم کیریئرمیں پہلی مرتبہ پہلے نمبر پرموجود ہیں،فوٹو:فائل

آئی سی سی نے ٹی ٹوئنٹی کی نئی رینکنگ جاری کر دی ہے جس کے مطابق بالنگ کے شعبے میں قومی ٹیم کے اسپنرعماد وسیم دنیا کے نمبر ون بالر بن گئے ہیں۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی جانب سے جاری کی گئی تازہ ٹی ٹوئنٹی رینکنگ کے مطابق ٹیم رینکنگ میں نیوزی لینڈ پہلےنمبر پر براجمان ہے جبکہ انگلش ٹیم نے ایک درجہ بہتری کے بعد دوسری پوزیشن پر قبضہ کر لیا ہے اور پاکستانی ٹیم تیسرے نمبر آ گئی ہے۔ اس کےعلاوہ بھارت چوتھے، ورلڈ چیمپئن ویسٹ انڈیز پانچویں، جنوبی افریقا چھٹے اور آسٹریلیاکا ساتواں نمبر ہے، اس کے بعد سری لنکا، افغانستان اور بنگلا دیش بالترتیب آٹھویں، نویں اور دسویں نمبر پر ہیں۔


ٹی ٹوئنٹی بالرز کی فہرست میں پاکستان کے لیفٹ آرم اسپنرعماد وسیم کیریئرمیں پہلی مرتبہ بہترین پوزیشن حاصل کرتے ہوئے پہلے نمبر پر آ گئے ہیں، دوسرا نمبر بھارتی فاسٹ بالر جسپریت بمراہ کا ہے جبکہ جنوبی افریقا کے عمران طاہر دو درجہ تنزلی کے بعد تیسرے نمبر پر آگئے ہیں۔

بلے بازوں کی فہرست میں کوئی بھی پاکستانی بلے باز پہلے 20 کھلاڑیوں میں شامل نہیں، البتہ بابر اعظم کا نمبر26 واں ہے، بھارتی بلے باز اور کپتان ویرات کوہلی پہلے، آسٹریلیا کےایرون فنچ دوسرے اور کیوی کپتان کین ولیمسن تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔
Load Next Story