پیپلزپارٹی انتخابی رابطہ مہم 18مارچ سے شروع کریگی

جلسوں کے انتظامات کی نگرانی کے لیے مخدوم امین فہیم کو ذمے داریاں سپرد.

انتخابی مہم کے شیڈول کو حتمی شکل دے دی گئی،مہم بلاول بھٹو زرداری چلائیں گے۔ فوٹو: فائل

KARACHI:
پاکستان پیپلزپارٹی کی اعلیٰ قیادت نے فیصلہ کیا ہے کہ ملک بھر میں آئندہ انتخابات کے لیے بھرپور عوامی رابطہ اور انتخابی مہم کا باقاعدہ آغاز نگراں حکومتوں کی تشکیل کے بعد18مارچ سے کیا جائے گا اور اس مہم کو پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری چلائیں گے۔

پارٹی ذرائع نے بتایا کہ پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنماؤں میں انتخابی مہم کے حوالے سے ایک طویل مشاورت گذشتہ دنوں اسلام آباد میں ہوئی ہے اور اس مشاورت میں یہ طے پایا ہے کہ حکومت کی مدت کے اختتام اور نگراں حکومتوں کے قیام کے بعد پارٹی مرکزی سطح پر آئندہ انتخابات کے لیے اپنی عوامی اور انتخابی رابطہ مہم 18مارچ سے باقاعدہ شروع کرے گی اور یہ انتخابی مہم انتخابات شروع ہونے سے تین روز قبل تک جاری رہے گی۔

ذرائع نے بتایا کہ اس انتخابی مہم کے شیڈول کو حتمی شکل دے دی گئی ہے انتخابی مہم کے تحت پہلے مرحلے میں پشاور ،کوئٹہ ،لاہور،کراچی اور راولپنڈی میں بڑے عوامی جلسے منعقد کیے جائیں گے، جن سے پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اوردیگر رہنما خطاب کریں گے ، جبکہ دوسرے مرحلے میں جنوبی پنجاب کے اضلاع ،تیسرے مرحلے میں اپر پنجاب کے اضلاع ،چوتھے مرحلے میں سندھ کے تمام اضلاع ،پانچویں مرحلے میں بلوچستان کے تمام اضلاع اور آخری مرحلے میں خیبرپختونخوا میں پارٹی جلسوں کا انعقاد کیا جائے گا، ان جلسوں کو تین حصوں میں تقسیم کیا جائے گا ۔




پہلے حصے کے تحت بڑے اضلاع میں مرکزی سطح کے جلسے ، دوسرے حصے کے تحت مختلف اضلاع میں صوبائی سطح کے جلسے اور تیسرے حصے کے تحت ضلعی سطح کے جلسے منعقد کیے جائیں گے،ذرائع نے بتایا کہ مرکزی سطح کے جلسوں سے بلاول بھٹو زرداری اور صوبائی و ضلعی جلسوں سے پارٹی کے مرکزی اور صوبائی قائدین خطاب کریں گے۔

پارٹی کی اعلیٰ قیادت نے جلسوں کے انتظامات کی نگرانی کے لیے پارٹی کے مرکزی سینئر وائس چیئرمین مخدوم امین فہیم کو ذمہ داریاں سپرد کردی ہیں اور ان کی سربراہی میں ایک کمیٹی قائم کی گئی ہے جس میں سید یوسف رضا گیلانی ،سید خورشید شاہ ،قمر زمان کائرہ، نذر محمد گوندل ،سردار فتح محمد محمد حسنی،انور سیف اللہ ،سید قائم علی شاہ ،منظور وٹو، صادق عمرانی اور دیگر رہنما شامل ہوں گے،یہ کمیٹی جلسوں کے انتظامات کو حتمی شکل دے گی اور پارٹی کی صوبائی اور ضلعی قیادت کے ساتھ مل کر جلسوں کی تیاری کے انتظامات کیلیے اقدامات کرے گی۔
Load Next Story