پہلا ٹیسٹجنوبی افریقہ فتح سے6 وکٹیں دورپاکستان کو جیت کیلئےمزید297رنزدرکار

دوسری اننگز میں بھی ابتدائی بلے بازوں کی ناقص کاکردگی کے باعث قومی ٹیم پر شکست کے بادل مزید گہرے ہوگئے ہیں۔

قومی بلے باز دوسری اننگز میں بھی لڑکھڑاہٹ کا شکار ہے۔ فوٹو: اے ایف پی

KARACHI:
جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے پہلے میچ کے تیسرے دن کھیل کے اختتام تک پاکستان نے 480 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 183 رنز بنالئے ہیں۔

جوہانسبرگ کے وانڈرر کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے ٹیسٹ کے تیسرے روز جنوبی افریقہ نے اپنی دوسری نامکمل اننگز 207 رنز 3 وکٹوں کے نقصان پر شروع کی اور کسی بھی نقصان کے بغیر 275 رنز پر اننگز ڈیکلئیر کرکے پاکستان کو جیت کیلئے 480 رنز کا مشکل ترین ہدف دے دیا۔ جنوبی افریقہ کی جانب سے ابراہم ڈی ویلیئرز نے 103 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ ہاشم آملہ نے 74 رنز کے ساتھ ان کا بھرپور ساتھ دیا۔


دوسری اننگز میں بھی پاکستان کا آغاز اچھا نہ تھا صرف 7 رنز کے مجموعی اسکور پر محمد حفیط پویلین لوٹ گئے۔ ناصر جمشید اور اظہر علی مجموعی اسکور کو 64 رنز تک لے گئے۔ ناصر جمشید 46 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ پاکستان کی تیسری وکٹ اظہر علی کی صورت میں گری جنہوں نے 18 رنز بنائے، قومی ٹیم کے سب سے تجربے کار بیٹسمین یونس خان دوسری اننگز میں بھی کچھ نہ کرسکےانہوں نے 15 رنز بناکر واپسی کی راہ لی۔ اس موقع پر کپتان مصباح الحق کا ساتھ نبھانے کیلئے اسد شفیق کریز پر آئے دونوں بلے بازوں نے ابتدا میں پروٹیز بالرز کے سامنے دفاعی کھیل کا مظاہرہ کیا تاہم وقت گرزنے کے ساتھ ساتھ دونوں کھلاڑیوں نے اسکور کو آگے بڑھاتے ہوئے 101 رنز کی شرکت داری قائم کی۔ کھیل کے اختتام پر پاکستان نے 4 وکٹوں کے نقصان پر 183 رنز بنالئے ہیں، اسد شفیق 53 اور مصباح 44 رنز کے انفرادی اسکور کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔

واضح رہے کہ پہلی اننگز میں جنوبی افریقہ کے 253 رنز کے جواب میں پاکستان اپنی تاریخ کے کم ترین اسکور 49 رنز پر ہی ڈھیر ہوگئی تھی دوسری اننگز میں بھی ابتدائی بلے بازوں کی ناقص کارکردگی کے باعث قومی ٹیم پر شکست کے بادل مزید گہرے ہوگئے ہیں۔ پاکستان کو فتح کیلئے مزید 297 رنز درکار ہیں جبکہ جنوبی افریقہ ٹیسٹ میں فتح سے 6 وکٹیں دور ہے۔
Load Next Story