چھ مسلم ممالک کے شہریوں پر امریکی سفری پابندیاں نافذ

امریکا میں قریبی رشتے دار موجود ہونے یا کاروباری روابط کی صورت میں ہی ویزا ملے گا، مریکی محکمہ خارجہ

نئی پابندیوں سے وہ لوگ متاثر نہیں ہوں گے جن کے پاس پہلے سے امریکی ویزا موجود ہے ۔ فوٹو: رائٹرز

MINGORA:
امریکی محکمہ خارجہ نے 6 مسلم ممالک کے شہریوں پر آج سے سفری پابندیاں نافذ کردی ہیں۔

صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران، لیبیا، صومالیہ، سوڈان، شام اور یمن کے شہریوں پر سفری پابندیوں کا قانون منظور کیا تھا جسے ماتحت امریکی عدالت نے منسوخ کردیا تھا، تاہم امریکی سپریم کورٹ نے سفری پابندی کو اکتوبر تک جزوی طور پر بحال کرنے کی منظوری دے دی ہے۔


امریکی محکمہ خارجہ نے متعلقہ سفارت خانوں کو نئی ہدایات جاری کی جن کے تحت ان 6 ممالک کے شہریوں کو صرف اس صورت میں ویزا جاری کیا جائے گا اگر ان کے قریبی عزیز امریکہ میں مقیم ہوں یا ان کے وہاں کاروباری روابط ہوں۔ امریکی میڈیا کے مطابق صرف ان لوگوں کو ویزا ملے گا جن کے والدین و بچے، شوہر یا اہلیہ، بہو یا داماد اور حقیقی بہن بھائی امریکا میں مقیم ہوں، جب کہ والدین کے بھائی بہن یا اپنے بھائی بہنوں کے بچوں کو قریبی رشتہ دار تصور نہیں کیا جائے گا اور ان کی امریکا میں موجودگی کی بنیاد پر ویزا جاری نہیں کیا جائے گا۔ نئی پابندیوں سے وہ لوگ متاثر نہیں ہوں گے جن کے پاس پہلے سے امریکی ویزا موجود ہے ۔

امریکی سپریم کورٹ اکتوبر میں دوبارہ صدر ٹرمپ کی اس پابندی کو برقرار رکھنے یا نہ رکھنے کا فیصلہ کرے گی۔ واضح رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے چھ مسلم ممالک کے شہریوں پر 90 روز کی سفری پابندی اور پناہ گزینوں پر 120 روزہ پابندی عائد کی تھی۔

Load Next Story