کراچی کی بارش نے انتظامیہ کی کارکردگی کا پول کھول دیا

پنجاب چورنگی میں زیرتعمیر انڈر پاس میں دو بچے نہاتے ہوئے ڈوب کر جاں بحق ہوگئے۔

آج بھی گرج چمک کے ساتھ بارش ہوگی، محکمہ موسمیات: فوٹو: فائل

SRINAGAR:
کراچی میں بارش نے ایک بار پھر جل تھل کردیا جب کہ لوگوں نے بارش میں خوب انجوائے کیا مگردو دن کی باران رحمت کوانتظامیہ کی غفلت نے زحمت بنا دیا۔

کراچی میں دو روزسے جاری بارش سے گرمی تو بھاگ گئی مگرمسائل کا انبارلگ گیا، کہیں بجلی غائب ہوئی تو کہیں پانی کھڑاہوگیا جب کہ دن بھر کہیں ہلکی اور کہیں تیزبارش میں شہریوں نے خوب انجوائے کیا.

بارش میں جہاں شہریوں نے انجوائے کیا وہیں اہم شاہراوں اور گلی محلوں میں پانی جمع ہونے سے شہری مشکلات کاشکارہوگئے، کے بی آر سوسائٹی بفرزون ، خدا کی بستی ، اعظم بستی اور کئی علاقوں میں پانی گھروں میں داخل ہوگیا ،سڑکیں تالاب بن گئیں، نالوں کی صفائی نہ ہونے سے پانی گٹروں اورنالوں سے باہر ابل پڑا، کہیں ٹریفک کی روانی متاثرہوئی توکہیں پھسلن سےحادثات بھی ہوئے۔

پنجاب چورنگی پر زیر تعمیر انڈر پاس میں بارش کا پانی جمع ہونے پر کچھ بچے نہانے کے لئے آگئے جس میں سے دو بچے جیسے ہی پانی میں نہانے کے لیے گڑھے میں اترے تو وہ اس میں ڈوب کر جاں بحق ہوگئے۔


دوسری جانب بجلی کی طویل بندش نے شہریوں کی خوشی پرپانی پھیردیا، بارش سے 500 سے زائد فیڈرزٹرپ کرگئے، شہر کے کئی علاقوں میں اب بھی بجلی غائب ہے جب کہ بجلی نہ ہونےسے پانی کی قلت پیدا ہوگئی ہے مگر کے الیکٹرک انتظامیہ نے دعوی کیا ہے کہ شہر میں بجلی کانظام بحال ہے،چندعلاقوں میں خرابی کوجلد ٹھیک کردیا جائےگا۔

ادھر محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ جمعہ کو بھی شہر قائد میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

واضح رہے کہ شہر میں مون سون کی پہلی بارش کے دوران مختلف علاقوں میں کرنٹ لگنے کے واقعات میں 4 افراد جاں بحق ہوئے۔

Load Next Story