دھوئیں پرقابو نہ پانے پر شوگرمل بند کرنے کا حکم

بیروزگار ہوجائیں گے،ملازمین کا مظاہرہ،عوامی شکایت پراقدام کیا گیا،ڈی سی

احتجاجی مظاہرین نے میڈیا کو بتایا کہ حکومت کا یہ قدم سیکڑوں ملازمین کو بے روزگار کردیگا. فوٹو: فائل

سرکاری حکم کی خلاف ورزی پر مہران شوگر مل کے خلاف ٹنڈوالہیار تھانے میں مقدمہ درج کرلیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر ٹنڈوالہیار سید مہدی علی شاہ نے 2 روز قبل مہران شوگر مل کی چمنی سے نکلنے والے دھوئیں پر قابو نہ پانے پر 24گھنٹوں میں مہران شوگر مل کو بند کرنے کے احکامات جاری کیے تھے جس کے بعد مل انتظامیہ اور سیکڑوں ملازمین میں خوف و حراس پھیل گیا تھا ڈی سی کی جانب سے مقررہ وقت کے اختتام پر مل میں مستقل، ڈیلی ویجز، اور سیزنل ملازمین نے مل کے گیٹ پر احتجاج و مظاہرہ کیا و دھرنا دیا۔


اس موقع پر احتجاجی مظاہرین نے میڈیا کو بتایا کہ حکومت کا یہ قدم سیکڑوں ملازمین کو بے روزگار کردیگا، جس کے باعث ہزاروں افراد فاقہ کشی پر مجبور ہو جائیں گے، گزشتہ شب ٹنڈوالہیار تھانے میں سرکار کی جانب سے اے ایس آئی تاج محمد کی مدعیت میں جنرل منیجر احتشام، ریجنل ڈائریکٹر اخلاص احمد اور ایڈمن آفیسر راشد بلوچ کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ ہم نے مہران شوگر مل کو دھوئیں پر کنٹرول کے حوالے سے کئی بار کہا جبکہ عوامی شکایت پر نوٹس بھی دیے گئے جس کے بعد یہ اقدام کیا گیا، دوسری جانب مہران شوگر مل کے ایڈمن آفیسر راشد بلوچ کا کہنا ہے کہ ہم نے ساڑھے 4کروڑ روپے کی لاگت سے پلانٹ نصب کردیا ہے بہت جلد دھوئیں پر قابو پالیا جائیگا، ہم حکومت کو کروڑوں روپے کا ٹیکس ادا کرتے ہیں دوسری جانب ڈپٹی کمشنر ٹنڈوالہیارکی کارروائی کے بعد عوامی حلقوں میں خوشی کا اظہار کیا ہے۔
Load Next Story