ایمپلائیز فیڈریشن کا آج سے جامعات میں تالا بندی کا اعلان

لیبر بیورو کے تحت بھوک ہڑتال جاری،انتظامیہ انتقامی کارروائیاں کررہی ہے،مظاہرین

یونیورسٹی انتظامیہ ملازمین کے مطالبات منظور کرنے کے بجائے ملازمین کی تنظیموں کے رہنماؤں سمیت ملازمین کے خلاف انتقامی کارروائیاں کررہی ہے۔ فوٹو: فائل

آل سندھ یونیورسٹیز ایمپلائیز فیڈریشن اور سندھ یونیورسٹی ایمپلائیز ورکرز ایسوسی ایشن نے ملازمین کے مطالبات کی منظوری اور وائس چانسلر، رجسٹرار کو برطرف نہ کیے جانے کے خلاف آج پیر سے سندھ کی جامعات میں تالا بندی کا اعلان کردیا ہے۔


یہ اعلان پریس کلب کے سامنے کیے جانے والے احتجاجی مظاہرے میں کیا گیا، جب کہ پیپلز لیبر بیورو سندھ یونیورسٹی یونٹ جامشورو کے تحت علامتی بھوک ہڑتال کا سلسلہ بھی جاری رہا۔ اس موقع پر مور خان عباسی، محمد ایوب لاشاری، سید کمال شاہ ودیگر نے کہا کہ سندھ یونیورسٹی ملازمین سمیت دیگر ملازمین کے حقوق اور ان کے ساتھ ہونے والی زیادتیوں کے خلاف گزشتہ 5 روز سے سراپا احتجاج ہے لیکن اس کے باوجود حکومت سندھ نے ملازمین سے کسی قسم کا کوئی رابطہ نہیں کیا ہے۔

جب کہ یونیورسٹی انتظامیہ ملازمین کے مطالبات منظور کرنے کے بجائے ملازمین کی تنظیموں کے رہنماؤں سمیت ملازمین کے خلاف انتقامی کارروائیاں کررہی ہے اور انہیں جھوٹے مقدمات میں ملوث کرکے گرفتار کروارہی ہے جب کہ20 سے زائد ملازمین کو لاپتہ کروادیا گیا ہے جس کے باعث ملازمین میں شدید غم وغصہ پایا جاتا ہے، انھوں نے بتایا کہ رجسٹرا نواز ناریجو اس وقت 60 سال عمرکی حد کراس کرچکے ہیں لیکن اس کے باوجود وہ اپنے عہدے پر برقرار ہیں۔انھوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ جب تک ملازمین کے مطالبات منظور نہیں کرلیے جاتے اس وقت تک احتجاج کا سلسلہ جاری رہے گا۔
Load Next Story