پاکستانی پلیئرز کیلیے فرنچائزز سے بات کرینگے شکلا

پلیئرز کی نیلامی صرف خالی جگہیں پر کرنے کیلیے کی گئی، انھوں نے کہا کہ یہ کوئی بڑی نیلامی نہیں تھی، راجیو شکلا

پاکستانی کھلاڑیوں کے خلاف نہیں ، آئندہ برس لیگ کیلئے کھلاڑیوں کی بڑی نیلامی ہوگی، راجیو شکلا. فوٹو : فائل

آئی پی ایل کی گورننگ کونسل کے چیئرمین راجیو شکلا کا کہنا ہے کہ ہم پاکستانی پلیئرز کے خلاف نہیں ، ان کے بارے میں فرنچائزز سے تفصیلی بات چیت کریں گے.اگلے سال کھلاڑیوں کی بہت بڑی نیلامی ہوگی،

ان خیالات کا اظہار انھوں نے میڈیا سے بات چیت کے دوران کیا۔ واضح رہے کہ پاکستانی کھلاڑیوں نے صرف ایک مرتبہ آئی پی ایل کے پہلے ایڈیشن میں حصہ لیا تھا اس کے بعد سے ان پراس کے دروازے بند ہیں، حال ہی میں دونوں ممالک کے درمیان مختصر سیریز سے امید پیدا ہوئی تھی کہ شائد پاکستانی کرکٹرز کو بھی آئی پی ایل کی دولت سے ہاتھ رنگنے کا موقع مل جائے مگر ایسا نہیں ہوسکا۔ راجیو شکلا نے پاکستانی کرکٹرز کی لیگ میں عدم موجودگی کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر کہا کہ ہم پاکستانی پلیئرز کے خلاف نہیں ہیں.




آئی پی ایل میں پاکستان سے تعلق رکھنے والے کوچز، امپائرز اور سپورٹنگ اسٹاف موجود ہے مگر اس وقت ان کے کرکٹرز ہمارے ذہن میں موجود نہیں مگر ہم اس بارے میں فرنچائزز سے تفصیلی بات چیت کریں گے اس کے بعد دیکھیں گے کہ کیا ہوتا ہے۔ راجیو شکلا نے مزید کہا کہ پلیئرز کی نیلامی صرف خالی جگہیں پر کرنے کیلیے کی گئی، انھوں نے کہا کہ یہ کوئی بڑی نیلامی نہیں تھی کیونکہ زیادہ تر ٹیموں کے پاس بہت کم گنجائش تھی اس لیے انھوں نے اپنی ضرورت کے مطابق کھلاڑیوں کو خریدا تاہم رواں سیزن کے اختتام کے ساتھ ہی پلیئرز کے کنٹریکٹس ختم ہوجائیں گے اور آئندہ برس بہت بڑی نیلامی ہوگی۔
Load Next Story