پاکستان سمیت دنیا بھر میں ’یوم یکجہتی کشمیر‘ کل منایا جائیگا

صدر، وزیراعظم قانون ساز اسمبلی سے خطاب کرینگے،پروگراموںکو حتمی شکل دیدی گئی

یوم یکجہتی کشمیر کے سلسلے میں لائن آف کنٹرول کے قریب چکوٹھی سیکٹر میں جماعت اسلامی کے تحت کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلیے ریلی نکالی جارہی ہے۔ فوٹو: اے ایف پی

پاکستان، آزاد کشمیرو مقبوضہ کشمیر سمیت دنیا بھر میں منگل5فروری کو یوم یکجہتی کشمیر منایا جائے گا۔

اس دن کے منانے کا مقصد مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت کے خلاف جاری کشمیریوں کی جدوجہد سے اظہار یکجہتی کرنا ہے۔ یوم کشمیرکیپروگراموںکو حتمی شکل دیدی گئی ہے۔ پاکستان میں یوم کشمیر1990 سے منایا جا رہا ہے جس کے دوران شہدائے کشمیر کو خراج عقیدت پیش کیا جاتا ہے اور کشمیریوں کے حق خودارادیت کو دنیا کے سامنے اجاگر کیا جاتا ہے۔

کشمیریوں کو حق خودارادیت دلانے کا وعدہ اقوام متحدہ کی سیکیورٹی کونسل کی قراردادوں کے تحت عالمی برادری نے کیا ہے۔ ملک بھر میں کل عام تعطیل ہوگی۔ یہ عالمی برادری کی ذمے داری ہے کہ کشمیریوں کو اقوام متحدہ کی طرف سے دیے گئے استصواب رائے پر کشمیریوں کی خواہش کے مطابق عمل کرائے۔ ہر سال یوم کشمیر کے موقع پر ملک بھر میں صبح10 بجے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی جاتی ہے اور سائرن بجائے جاتے ہیں۔




اس موقع پر صدر پاکستان آصف علی زرداری، وزیراعظم راجا پرویز اشرف، آزاد کشمیر کے صدر سردار محمد یعقوب خان اور آزاد کشمیر کے وزیراعظم چوہدری عبدالمجید اپنے خصوصی پیغامات میں کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کریں گے۔ اس موقع پر صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم راجا پرویز اشرف آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی اور کونسل کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کریں گے۔

اسلام آباد میں کشمیر کنونشن میں جنگ آزادی میں جانوں کے نذرانے پیش کرنے والے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا جائے گا اور وزیراعظم راجا پرویز اشرف کشمیری عمائدین کے اعزاز میں عشائیہ دیں گے۔ اس روز جلسے جلوس اور ریلیاں منعقد کی جائیں گی جن میں کشمیری حریت پسندوں کی تحریک اور جدوجہد پر روشنی ڈالی جائے گی اور عالمی برادری کو مسئلہ کشمیر سے آگاہ کرنے اور مقبوضہ کشمیر کی تازہ ترین صورتحال سے آگاہ کرنے کیلیے اسلام آباد میں واقع تمام سفارتی مشنوں کیلیے ایک بریفنگ کا اہتمام کیا جائے گا۔
Load Next Story