امریکی یوٹیوب اسٹار اسٹیوی ریان نے خود کشی کرلی

33 سالہ امریکی اداکارہ نے گلے میں پھندا ڈال کر اپنی زندگی کا خاتمہ کیا

امریکی اداکارہ کی خود کشی کرنے کی وجوہات سامنے نہیں آ سکیں۔ فوٹو: فائل

ویڈیو شیئرنگ ویب سائٹ یوٹیوب پر مزاحیہ سیریز 'لٹل لوکا' کے ذریعے شہرت حاصل کرنے والی امریکی اداکارہ اسٹیوی ریان نے خودکشی کر لی۔

امریکی میڈیا رپورٹ کے مطابق 33 سالہ اسٹیوی ریان لاس اینجلس میں واقع اپنے گھر میں مردہ حالت میں پائی گئیں۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ اسٹیوی نے گلے میں پھندا ڈال کر زندگی کا خاتمہ کیا البتہ یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ انہوں نے یہ انتہائی قدم کیوں اٹھایا۔ یوٹیوب پر اسٹیوی ریان کے فالوررز کی تعداد 49 ہزار کے قریب ہے جبکہ ان کی ویڈیوز کو اب تک لاکھوں افراد دیکھ چکے ہیں۔


چند روز قبل اسٹیوی ریان نے سوشل میڈیا پر اپنے مداحوں کو ایک پیغام دیا تھا جس میں اس بات کا اشارہ تھا کہ جلد انہیں کچھ ہونے والا ہے۔ اپنے پیغام میں انہوں نے اپنے دادا کی تصاویر شیئر کی تھیں اور بتایا تھا کہ چند روز قبل وہ چل بسے ہیں۔ انہوں نے مزید لکھا تھا کہ 'میرے خوابوں میں آنے والے شخص جنہیں اب میں صرف خواب میں ہی دیکھ سکوں گی، جلد آپ سے ملاقات کروں گی، آئی لو یو مائی پاپا'۔

یاد رہے کہ اسٹیوی ریان کیلی فورنیا میں پیدا ہوئی تھیں اور 19 برس کی عمر میں انٹرٹینمنٹ انڈسٹری کا حصہ بننے کے لیے لاس اینجلس منتقل ہوگئی تھیں۔
Load Next Story