ہیوسٹن مشیر کھیل سندھ ڈاکٹرمحمد علی شاہ دوران علاج انتقال کرگئے

طب اور کھیلوں کے میدان میں نمایاں خدمات کے وجہ سے انہیں کئی سرکاری اعزازات سے نوازا گیا تھا۔

ڈاکٹر محمد علی شاہ نے کرکٹ کے فروغ کیلئے نمایاں کردار ادا کیا۔ فوٹو: فائل

PESHAWAR:
معروف معالج اور مشیر کھیل سندھ ڈاکٹر محمد علی امریکا میں دوران علاج دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کرگئے۔

ڈاکٹر محمد علی شاہ گزشتہ کچھ عرصے سےکینسر کے مرض میں مبتلا تھے اورعلاج کیلئے امریکا کے شہر ہیوسٹن میں مقیم تھے، جہاں علاج کے دوران انہیں دل کا دورہ پڑا تاہم وہ جانبر نہ ہوسکے اور خالق حقیقی سے جاملے. وفاقی وزیر برائے پورٹ اینڈ شپنگ بابر غوری کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر محمد علی شاہ کی تدفین کراچی میں ہی ہوگی تاہم ان کی میت وطن لانے میں 3 سے 4 روز لگ سکتے ہیں۔


ڈاکٹر محمد علی 1946 میں بھارتی ریاست یوپی کے شہر بریلی میں پیدا ہوئے ، قیام پاکستان کے بعد ان کے خاندان نے کراچی میں مستقل سکونت اختیار کی۔ ہڈیوں اور جوڑوں کے عالمی شہرت یافتہ معالج ہونے کے ساتھ ساتھ انہیں کھیلوں سے بھی خصوصی شغف تھا، انہوں نے کراچی میں ایک کرکٹ اسٹیڈیم بھی قائم کیا تھا جس میں ہر سال کئی ایونٹ منعقد کئے جاتے ہیں،ان مقابلوں میں مقامی اور بین الاقوامی سطح کے کھلاڑی حصہ لیتے ہیں۔ طب اور کھیلوں کے میدان میں نمایاں خدمات کے عوض انہیں صدارتی ایوارڈ برائے حسن کارکردگی سمیت کئی سرکاری اعزازات سے نوازا گیا تھا۔

2008 کے عام انتخابات میں وہ متحدہ قومی موومنٹ کی جانب سے رکن سندھ اسمبلی منتخب ہوئے تھے جس کے بعد انہیں صوبائی وزیر کھیل کا قلمدان سوپنا گیا تھا تاہم دوہری شہریت کی بنا پر انہوں نے سندھ اسمبلی کی رکنیت سے استعفیٰ دے دیا جس کے بعد انہیں وزیر اعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی برائے کھیل مقرر کیا گیا تھا۔
Load Next Story