میر پور خاص کینسر کے عالمی دن پرآگہی پروگرام

میڈیکل افسران کینسر کے حوالے سے عوام میں شعور اجاگر کریں،شفقت حسین ڈاہری۔

میڈیکل افسران کینسر کے حوالے سے عوام میں شعور اجاگر کریں،شفقت حسین ڈاہری۔ فوٹو: فائل

کینسرکے عالمی دن کے موقع پر ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر شفقت حسین ڈاہری کی زیر صدارت آگاہی پروگرام میں صحت مراکز کے میڈیکل افسران، ہیلتھ سپروائزرز، ایریا انچارجز اور ڈاکٹروں نے شرکت کی۔

اس موقع پر ڈی ایچ او نے تمام میڈیکل افسران، سپروائزرز اور ایریا انچارجز کو ہدایت کی کہ وہ اپنے علاقوں میں کینسر کے حوالے سے عوام میں شعور اجاگر کریں اور اپنے فرائض ایمانداری اور محنت سے ادا کریں۔ انھوں نے عوام سے اپیل کی ہے کہ سگریٹ نوشی، پان، گٹکا اور سپاری ترک کردیں۔


اس موقع پر محکمہ صحت کے ڈاکٹر نصیر احمد شیخ نے کہا کہ کینسر موروثی یا لگنے والی بیماری نہیں لیکن ذرا سی لاپرواہی سے لوگ موت کا شکار ہو جاتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ سگریٹ نوشی، پان، گٹکا، حُقہ اور سپاری کے استعمال سے مُنہ اور جگر کا کینسر ہو جاتا ہے جبکہ سگریٹ کے دھویں سے بھی کینسر کا مرض لاحق ہوجا تا ہے بالخصوص بچوں میں اس سے سینے کا انفیکشن ہونے کا خدشہ ہوتا ہے۔

انھوں نے کہا کہ کنفیکشنری مصنوعات سے بھی بچوں میںکینسر ہونے کا اندیشہ ہے کیونکہ کنفکشنری میں مضر صحت رنگ شامل کیے جاتے ہیں۔ اس موقع پر ڈاکٹر اشفاق احمد نے کہا ہے کہ غیر ضروری ادویہ کے استعمال سے سینہ اور خون کا کینسر ہوجاتا ہے۔ انھوں نے تمام ڈاکٹروں سے اپیل کی ہے کہ وہ اسپتالوں میں بچوں کی صحیح تشخیص اور ٹیسٹ کے بعد عمر کے اعتبار سے ادویہ تجویز کریں۔
Load Next Story