11 کیچز ڈی ویلیئرز نے رسل کا ریکارڈ برابر کردیا

میچ میں سنچری اور10 یا زائد شکار کرنے والے دنیا کے پہلے کھلاڑی بھی بن گئے۔

میچ میں سنچری اور10 یا زائد شکار کرنے والے دنیا کے پہلے کھلاڑی بھی بن گئے۔ فوٹو : فائل

جنوبی افریقی وکٹ کیپر ابراہم ڈی ویلیئرز نے ایک ٹیسٹ میں 11 کیچز تھام کر سابق انگلش کرکٹر جیک رسل کا ریکارڈ برابر کردیا۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ دونوں کھلاڑیوں نے یہ کارنامہ وانڈررز گرائونڈ میں ہی انجام دیا، رسل نے1995 میں یہ اعزاز پایا تھا۔ ڈی ویلیئرز ٹیسٹ میچ میں سنچری اور10 یا زائد شکار کرنے والے پہلے کھلاڑی بھی بن گئے، انھوں نے پہلی اننگز میں ناقابل شکست 103 رنز اسکور کیے تھے۔ پہلے ٹیسٹ میں60 رنز دے کر 11 وکٹیں ڈیل اسٹین کی بہترین بولنگ کارکردگی ثابت ہوئی، اس سے قبل انھوں نے نیوزی لینڈ کے خلاف 2007 کے سنچورین ٹیسٹ میں 91 رنز کے عوض 10 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا تھا۔


اسٹین نے ٹیسٹ کرکٹ میں اب تک225 وکٹیں حاصل کی ہیں،وکٹوں کی ڈبل سنچری بنانیوالے بولرز میں ان کا اسٹرائیک ریٹ 29.9 سب سے بہترین ہے، ان کے بعد سابق پاکستانی فاسٹ بولر وقار یونس(35.0) کا نمبر آتا ہے۔ حالیہ میچ کے بعد ہوم گرائونڈ میں جنوبی افریقہ کی پاکستان کیخلاف 10 ٹیسٹ میں فتوحات کی تعداد7ہو گئی۔

حریف نے 1998 کے ڈربن اور 2006 کے پورٹ ایلزبتھ ٹیسٹ میں فتوحات پائیں جبکہ ایک میچ ڈرا ہوا۔ پاکستانی ٹیم کو جب بھی 400 یا زائد کا ہدف ملا اسے دیکھ کر ہی بیٹسمینوں کے ہاتھ پائوں پھول گئے، جیتنا تو دور کی بات ایسے 22 میچز میں ڈرا بھی صرف 5 ہی کیے اور یہ تمام میچز برصغیر میں ہی کھیلے گئے،17 مقابلوں میں شکست کا سامنا کرنا پڑا، 2000ء کے بعد سے برصغیر کے باہرکسی سیریز کے پہلے ٹیسٹ میں پاکستان نے صرف 2 ہی فتوحات حاصل کیں، یہ دونوں میچز نیوزی لینڈ کیخلاف تھے۔
Load Next Story