ڈیوس کپ اسپین 7 برس میں پہلی مرتبہ ابتدائی راؤنڈ سے ہی باہر

کینیڈا نے 3-1 سے ورلڈ گروپ ٹائی جیت کر کوارٹر فائنل میں جگہ بنالی، جمہوریہ چیک نے سوئٹزرلینڈ کو ہرادیا۔

کینیڈا نے 3-1 سے ورلڈ گروپ ٹائی جیت کر کوارٹر فائنل میں جگہ بنالی، جمہوریہ چیک نے سوئٹزرلینڈ کو ہرادیا۔ فوٹو: فائل

GILGIT:
اسپین 7 برس میں پہلی مرتبہ ڈیوس کپ کے ابتدائی رائونڈ سے ہی باہر ہوگیا۔

کینیڈا نے 3-1 سے ورلڈ گروپ ٹائی جیت کر کوارٹر فائنل میں جگہ بنالی، دفاعی چیمپئن جمہوریہ چیک سوئٹزرلینڈ کو ہراکر اگلے مرحلے میں پہنچ گیا، برازیل کے خلاف زبردست فائٹ بیک سے امریکا نے بھی فائنل 8 میں جگہ بنالی۔ تفصیلات کے مطابق پانچ مرتبہ کے چیمپئن اسپین کو اس ٹائی میں رافیل نڈال، ڈیوڈ فیرر اور نکولس الماگرو جیسے اسٹارز کی خدمات حاصل نہیں تھیں، کینیڈا کے خلاف ابتدائی روز دونوں سنگلز میں شکست کے بعد ہی اس کے ایونٹ سے باہر ہونے کا خطرہ پیدا ہوگیا تھا۔


تاہم ڈبلز میں میدان مارنے کی وجہ سے اسپین کی امیدیں برقرار تھیں جن کا خاتمہ آخری روز ریورس سنگلز میں میلوس رونک نے کردیا، انھوں نے مو گارشیا لوپیز کو 6-3، 6-4 اور 6-2 سے مات دی۔ اب فاتح سائیڈ کینیڈا کا مقابلہ کوارٹر فائنل میں اٹلی سے ہوگا جس نے کروشیا کو 3-2 سے مات دی، ابتدائی چار مقابلوں میں 2-2 سے برابری کی وجہ سے آخری ریورس سنگل فیصلہ کن معرکے کی حیثیت اختیار کرگیا جس میں فابیو فوگننی نے ایوان ڈوڈگ کو مات دی۔ دفاعی چیمپئن چیک ری پبلک نے سوئٹزرلینڈ کے خلاف فتح کی بدولت کوارٹر فائنل میں جگہ پائی۔

ٹوماس بریڈیچ نے سوئس پلیئر اسٹینسلاس واورنکا کو 6-3، 6-4، 3-6 اور 7-6 سے شکست دی، اب چیک ٹیم اپریل میں قازقستان کا سفر کرے گی جس نے آسٹریلیا کے خلاف 3-1 سے کامیابی حاصل کی۔ امریکا اور برازیل کا مقابلہ کافی سخت ثابت ہوا، ان دونوں ٹیموں کے درمیان بھی ابتدائی چار مقابلوں میں پلڑہ 2-2 سے برابر رہا تاہم فیصلہ کن معرکے میں سام کیوری نے تھیاگو ایلویس کو 4-6، 6-3، 6-4 اور 7-6 سے ٹھکانے لگایا، اس فتح کی بدولت امریکا اب سربیا سے کوارٹر فائنل کھیلے گا۔فرانس نے اسرائیل پر کلین سوئپ 5-0 سے مکمل کیا، وہ پہلے ہی سربیا اور ارجنٹائن کے ساتھ کوارٹر فائنل میں جگہ بنا چکا تھا ، ارجنٹائن نے بھی جرمنی کے خلاف تمام پانچوں مقابلوں میں فتح اپنے نام کی۔
Load Next Story