پورا ملک ہی اپنے لیڈر کے زیر کفالت ہوتا ہے کیپٹن ر صفدر

صرف ملک کی خاطر زیادتیاں برداشت کررہے ہیں، کیپٹن (ر) صفدر

عمران خان نے تو اپنی بیٹی تک کو نہیں اپنایا، صفدرعباسی۔ فوٹو: اے پی پی

وزیراعظم نواز شریف کے داماد اور مسلم لیگ (ن) کے رہنما کیپٹن (ر) صفدر نے کہا ہے کہ پورا ملک ہی اپنے لیڈر کے زیر کفالت ہوتا ہے۔


اپنی اہلیہ اور وزیراعظم کی بیٹی مریم نواز کی جے آئی ٹی میں پیشی کے موقع پر جوڈیشل اکیڈمی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیپٹن (ر) صفدر نے کہا کہ ہم راہ حق پر ہیں اور پاکستان کو آگے لیکر جانا چاہتے ہیں، اسی لیے صرف ملک کی خاطر زیادتیاں برداشت کررہے ہیں۔

اپنی اہلیہ مریم نواز کی کفالت سے متعلق ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پورا پاکستان ہی اپنے لیڈر کے زیر کفالت ہوتا ہے۔ آج اس گھر کی بیٹی پیش ہوئی جس کے دادا کا بھی احتساب ہوا اور اب اس کے والد کا احتساب ہورہا ہے جب کہ عمران خان نے تو اپنی بیٹی تک کو نہیں اپنایا، نوازشریف کو اللہ نے ہر میدان میں سرخرو کیا ہے، یہ مشکل وقت ضرور ہے مگر نوازشریف کے ہاتھ صاف ہیں۔
Load Next Story