جاپانی ثقافتی مرکز میں 2 کتابوں کی تقریب رونمائی

کتا بیں جاپان اور پاکستان کی دوستی کو مزید پختہ کریں گی، قونصل جنرل جاپان.

کتابیں’’سُرخ پھولوں کی سبز خوشبو‘‘ اور ’’جاپان کی تہذیب کا سفر‘‘ کی جاپان قونصلیٹ میں رونمائی کے موقع پراقبال برما اور خرم سہیل اپنی تصانیف جاپانی قونصل جنرل کو پیش کر رہے ہیں ۔ فوٹو : ایکسپریس

پاکستان اور جاپان کے سفارتی تعلقات کے60سال مکمل ہونے کے موقع پردو کتابوں کی تقریب رونمائی جاپانی قونصل خانے کے ثقافتی مرکز میں منعقد ہوئی۔

جس کی صدارت جاپان کے قونصل جنرل آکیرا اوچی نے کی، پہلی کتاب کے تین مصنفین عبداﷲمیاں زادہ ، فاطمہ میاں زادہ اور اقبال برما ہیں جبکہ دوسری کتاب کے مصنف خرم سہیل ہیں، پہلی کتاب'' جاپان تہذیب کا سفر'' کے تین مصنفین میں سے دوعبداﷲ میاں زادہ ، فا طمہ میاں زادہ جاپان میں جبکہ اقبال برما پاکستان میں رہائش پذیر ہیں، پہلی کتاب میں جاپان کی تاریخ اور قدیم ادوار سے جدید دور تک کو قلم بند کیا گیا ہے۔


خرم سہیل کی کتاب''سرخ پھولوں کی سبز خوشبو'' جاپان اور پاکستان کے مصنفین کے مضامین کا مجموعہ ہے جسے پڑھ کر قارئین جاپان کے ادب اور ثقافت کے بارے میں آگاہی حاصل کرسکتے ہیں، اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے قونصل جنرل جاپان آکیرا اوچی نے کہا کہ یہ کتا بیں جاپان اورپاکستان کی دوستی کو مزید پختہ کریں گی کیونکہ یہ دونوں کتابیں اردو زبان میں لکھی گئی ہیں اور ان میں جاپان کی تاریخ اور ادب کے بارے میں معلومات فراہم کی گئی ہیں۔

جس کے ذریعے پاکستانی قارئین جاپان کی تاریخ اور ثقافتی پس منظر کے بارے میں معلومات حاصل کرسکیں گے، یہ دونوں کتابیں دوستی کے رشتے کو مزید فروغ دیں گی،اس موقع پر ڈاکٹر معین الدین عقیل، پروفیسر سلیم مغل، ڈاکٹر رئوف پاریکھ نے بھی اظہار خیال کیا جبکہ اختتامی کلمات ماسا میچی آبے نے ادا کیے، اس موقع پر پہلی کتاب کے مصنف اقبال برما نے قونصل جنرل جاپان کا شکریہ ادا کیا اور انھیں شیلڈ پیش کی۔
Load Next Story