اے این پی کے وفدکی سیاسی رہنمائوں سے ملاقات اے پی سی کی دعوت

دہشتگردی کیخلاف متحد ہیں،غلام احمد بلور کی امتیاز شیخ اور ثروت اعجاز سے ملاقات.

اے این پی کے رہنما غلام احمد بلور اور ثروت اعجاز قادری مرکز اہلسنت میں پریس کانفرنس کررہے ہیں۔ فوٹو : ایکسپریس

عوامی نیشنل پارٹی( اے این پی ) کے وفد نے وفاقی وزیر ریلوے غلام احمد بلورکی قیادت میں پاکستان مسلم لیگ فنکشنل کے سیکریٹری جنرل امتیاز احمد شیخ سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔

وفد میں شاہی سید ، امیر نواب جبکہ پاکستان مسلم لیگ فنکشنل کی جانب سے غوث بخش خان مہر،جام مدد علی، ڈاکٹر رفیق بھابھن،کامران ٹیسوری، قاسم سراج سومرو ، ندیم مرزا ، ڈاکٹر تاج اور دیگر شامل تھے،اس موقع پر وفاقی وزیرریلوے غلام احمد بلور نے پاکستان میں ہونیوالی دہشتگردی کے خاتمے کیلیے آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی جس پر امتیاز احمد شیخ نے ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگردی کیخلاف ہر سطح پر پاکستان مسلم لیگ فنکشنل آپ کا ساتھ دے گی۔


ہم سب کو دہشت گردی کے خلاف اپنا کردار ادا کرنا ہوگا ، وفاقی وزیر غلام احمد بلور نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ طالبان نے مذاکرات کی دعوت دی جس پر ہم سب نے مشورہ کیا اور آل پارٹیز کانفرنس بلانے کا فیصلہ کیا ، آئندہ ہفتے اسلام آباد میں آل پارٹیز کانفرنس منعقد کی جا ئے گی،تاریخ کا اعلان مشورے کے بعد جلد ہی کریں گے،انھوں نے کہا کہ جنرل ضیا کے دور میں 3 لاکھ افراد کو گوریلا ٹریننگ دے کر افغانستان بھیجا گیا جس کا نتیجہ آج ہم بھگت رہے ہے۔

سینئر وفاقی وزیر غلام احمد بلور نے سنی تحریک کے سربراہ ثروت اعجاز قادری سے مرکز اہلسنّت پر ملاقات کی،قبل ازیں دونوں جماعتوں کے رہنمائوں نے ملک کے موجودہ حالات ،امن و امان کی بگڑتی ہوئی صورتحال ، آل پارٹیزکانفرنس اور دیگرمعاملات پر تبادلہ خیال کیا، ثروت اعجاز قادری نے اے این پی کے وفد کی آمد پر ان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اے این پی اور پی ایس ٹی ملک میں جاری دہشتگردی کے خاتمے کیلیے مل جل کراپنا کردار ادا کریں گی ۔
Load Next Story