کشمیریوں کی حمایت جاری رکھیں گے راجا پرویزاشرف

سلامتی کونسل کی قراردادوں پرعملدرآمدکے لیے کشمیری قانونی جدوجہد کر رہے ہیں

فوٹو: فائل

وزیراعظم راجا پرویز اشرف نے کہا ہے کہ حکومت اور عوام کشمیریوں کی منصفانہ جدوجہد میں بھرپور اخلاقی، سفارتی اورسیاسی حمایت جاری رکھیں گے۔


کشمیری عوام اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں پرعملدرآمدکیلیے قانونی جدوجہد کر رہے ہیں جنھوں نے کشمیر کازکے لئے بڑی قربانیاں دیں، پاکستان مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے خاتمے کا مطالبہ کرتا ہے۔ پیر کو وزیراعظم سیکریٹریٹ میں آزادجموں وکشمیرکونسل کے 48ویں سیشن سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہاکہ کشمیری عوام اپنے حق خودارادیت کے منتظرہیں۔ انھوں نے کشمیریوں کے منصفانہ نصب العین کے لیے پاکستان کی کمٹمنٹ کااظہارکیا۔ راجا پرویز اشرف نے پاکستان نے بھارت کے ساتھ مذاکرات کے دوبارہ آغازکیلیے اپنی سنجیدگی اورخلوص کا اظہار کیا اور کہا پاکستان سمجھتا ہے کہ مذاکرات میں کوئی خلل نہیں ہوناچاہیے ۔

پاکستان نے بھارت کوآگاہ کیا ہے کہ وہ دوستانہ، باہمی اوراچھی ہمسائیگی کے تعلقات چاہتاہے۔ اجلاس میں آزادجموں وکشمیرکونسل کوملازمت سے برطرفی کے خصوصی اختیارات کے ایکٹ 2013 کوختم کرنے کی بھی متفقہ منظوری دی گئی۔ قبل ازیںآزادجموں وکشمیر کونسل کے سیشن میں ان شہدا کے لیے فاتحہ کی گئی جنھوں نے مقبوضہ کشمیر میں آزادی کی عظیم جدوجہد کے لیے اپنی جانیں قربان کیں۔ اجلاس میں آزادجموں وکشمیرکے قائم مقام صدرسردار غلام صادق خان، وزیراعظم آزادکشمیرچوہدری عبدالمجید،وزیرامور کشمیرمیاں منظوراحمد وٹو،وزیرقانون فاروق ایچ نائیک، اور دیگرسینئرحکام نے شرکت کی۔آئی این پی کے مطابق خرابی موسم کی وجہ سے یوم یکجہتی کشمیرکے موقع پروزیراعظم راجہ پرویزاشرف کادورہ مظفر آباد اورکشمیرکونسل اورقانون سازاسمبلی کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کا پروگرام ملتوی کر دیا گیا۔

Recommended Stories

Load Next Story