چیمپیئنزٹرافی کی فاتح قومی کرکٹ ٹیم کو پاک بحریہ کا خراج تحسین

پوری قوم کی طرح پاک بحریہ کو بھی قومی کرکٹ ٹیم پر فخر ہے، ایڈمرل ذکاء اللہ

سابق نیوی اہلکارفخر زمان پر پاک بحریہ کوخاص طور پر فخر ہے، نیول چیف — فوٹو: پاک بحریہ

آئی سی سی چمپیئنز ٹرافی 2017 کی تاریخی جیت پر پاکستانی کرکٹ ٹیم کو پاک بحریہ کی جانب سے خراج تحسین پیش کیا گیا اور اس سلسلے میں پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

اسلام آباد میں ہونے والی تقریب میں وزیر برائے بین الصوبائی تعاون ریاض پیر زادہ ، وزیر برائے منصوبہ بندی ،ترقی اور اصلاحات احسن اقبال ، چیئرمین پی سی بی شہر یار خان، پاکستان کرکٹ بورڈ کے حکام، ٹیم مینجمنٹ اور دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔ تقریب کے میزبان پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمد ذکاءاللہ تھے۔


اپنے خطاب کے دوران پاک بحریہ کے سربراہ نے چیمپیئنز ٹرافی میں کامیابی باالخصوص بھارت کے خلاف فائنل میچ کے دوران کھلاڑیوں کے ٹیم ورک اور جذبے کو سراہا جس کے نتیجے میں پاکستان کو یہ اعزاز حاصل ہوا۔انہوں نے کہا کہ پوری قوم کی طرح پاک بحریہ بھی کرکٹ ٹیم پر فخر کرتی ہے۔

نیول چیف نے کہا کہ سابق نیوی اہلکارفخر زمان پر پاک بحریہ کوخاص طور پر فخر ہے جو 7 سال تک پی این کرکٹ ٹیم کا حصہ رہے اور چیمپیئنز ٹرافی میں متاثر کن کارکردگی کی بدولت نہ صرف پاکستان بلکہ پاک بحریہ کی بھی پہچان بن گئے۔ نیول چیف نے پاکستان ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کو بھی سراہا جنہوں نے ٹیم کو متحد کیا اور ان کی قیادت میں پاکستان چیمپیئن بنا۔

سربراہ پاک بحریہ نے کہا کہ پاکستان نیوی ملک میں کھیلوں کے فروغ میں ہمیشہ پیش پیش رہی ہے اورسیزم، گالف، ہاکی، شوٹنگ، تیراکی، اسکواش اور کبڈی جیسے کھیلوں میں قومی اور بین الاقوامی سطح کے کھلاڑیوں کو متعارف کروانے میں بنیادی کردار ادا کرتی رہی ہے۔ آخر میں پاک بحریہ کے سربراہ نے کرکٹ کے ہیروز اور چمپیئنز میں میڈلز بھی تقسیم کیے۔
Load Next Story