الیکشن کمیشن کل ٹیکس نادہندہ ارکان پارلیمنٹ اوردیگر امور پرغورکرے گا

الیکشن کمیشن کے اجلاس کے ایجنڈے میں کراچی میں ووٹرز لسٹوں کی تصدیق اور نئی حلقہ بندیوں پر پیشرفت بھی شامل ہیں۔

چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں ہونے والے اجلاس میں آئین کے آرٹیکل 62 اور63 پر عمل درآمد کیلئے اقدامات پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ فوٹو : ایکسپریس/فائل

الیکشن کمیشن سرکاری ملازمتوں پر پابندی کے خاتمے کیلئے حکومتی درخواست پر کل غور کرے گا، اجلاس اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے پیش کئے جانے والے مطالبات بھی زیر غور آئیں گے۔

چیف الیکشن کمشنر جسٹس ریٹائرڈ فخر الدین جی ابراہیم کی سربراہی میں اسلام آباد میں ہونے والے دو روزہ اجلاس میں آئندہ عام انتخابات کے لئے کی جانے والی تیاریوں کے کام کا جائزہ لیا جائے گا۔ اجلاس میں ارکان پارلیمنٹ کی اہلیت سے متعلق آئین کے آرٹیکل 62 اور63 پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لئے اقدامات پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔


الیکشن کمیشن کے اجلاس کے ایجنڈے میں سرکاری بھرتیوں پر پابندی کے خلاف حکومتی درخواست کے جائزے کے علاوہ ٹیکس نادہندہ ارکان پارلیمنٹ،کراچی میں ووٹرز لسٹوں کی تصدیق اور نئی حلقہ بندیوں پر پیشرفت بھی شامل ہیں، اجلاس میں سیاسی جماعتوں کے انتخابات اور انتخابی نشانات کی الاٹمنٹ سے متعلق تاریخ کا تعین بھی کیا جائے گا۔

بدھ کے روز ہونے والے اجلاس کے دوران پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد کے سامنے دھرنا دینے والی جماعتوں کی جانب سے الیکشن کمیشن کو پیش کئے گئے مطالبات پر بھی غور کیا جائے گا جبکہ الیکشن کمیشن کے ارکان جمعرات کو دھرنادینے والی جماعتوں کے نمائندوں سے ملاقات کریں گے۔
Load Next Story