جنوبی افریقی فاسٹ بولر کگیسو ربادا ایک ٹیسٹ کیلئے معطل

کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی پر ربادا کو میچ فیس کا 15 فیصد جرمانہ بھی ادا کرنا ہوگا، آئی سی سی

ربادا نے انگلش بلے باز بین اسٹوکس کو آؤٹ کرنے کے بعد نازیبا جملوں کا استعمال کیا تھا۔ فوٹو: فائل

انٹر نیشنل کرکٹ کونسل نے انگلش بلے باز پر نازیبا جملے کسنے پر جنوبی افریقی فاسٹ بولر کگیسو ربادا کو ایک ٹیسٹ میچ کے لئے معطل کر کے جرمانہ بھی عائد کردیا۔

آئی سی سی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق جنوبی افریقی فاسٹ بولر کگیسو ربادا کو لارڈز ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں انگلش آل راؤنڈر بین اسٹوکس کو آؤٹ کرنے کے بعد نازیبا الفاظ استعمال کرنے پر دوسرے ٹیسٹ کے لئے معطل اور میچ فیس کا 15 فیصد جرمانہ بھی عائد کر دیا گیا ہے۔ آئی سی سی کے مطابق ربادا پر جرمانہ 24 ماہ کے دوران دوسری مرتبہ کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی کرنے اور ڈی میرٹ پوائنٹس 4 تک پہنچنے کے باعث عائد کیا گیا۔


واضح رہے کہ انگلینڈ اور جنوبی افریقا کے درمیان لارڈز ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں میزبان ٹیم نے پہلی اننگز میں 458 رنز اسکور کئے تھے جس میں بین اسٹوکس نے بھی 56 رنز بنا کر اپنا حصہ ڈالا تھا جبکہ ربادا نے اسٹوکس سمیت 3 انگلش بلے بازوں کو پویلین کی راہ دکھائی تھی۔

اس سے قبل کگیسو ربادا پر فروری 2017 میں سری لنکا کے خلاف کیپ ٹاؤن میں کھیلے گئے چوتھے ون ڈے انٹرنیشنل کے دوران میچ فیس کا 50 فیصد جرمانہ عائد کیا گیا تھا اور ساتھ ہی انہیں 3 ڈی میرٹ پوائنٹس بھی دیئے گئے تھے تاہم انگلینڈ کے خلاف ملنے والے مزید ایک ڈی میرٹ پوائنٹ کے بعد ربادا 14 جولائی سے ٹرینٹ برج میں شروع ہونے والے دوسرے ٹیسٹ کے لئے پروٹیز ٹیم کا حصہ نہیں ہوں گے۔
Load Next Story