لانڈھی پلاسٹک فیکٹری میں آتشزدگی سے ایک حصہ زمین بوس

فائر بریگیڈ کے عملے نے8 گھنٹے کی جدو جہد کے بعد آگ پر قابو پالیا تاہم کولنگ کا کام رات گئے تک جاری رہا۔

فائر بریگیڈ کے عملے نے آگ بجھانے کے لیے فیکٹری کی دو دیواریں گرائیں۔ فوٹو: ایکسپریس

لانڈھی ایکسپورٹ پروسیسنگ زون میں پلاسٹک کی فیکٹری میں خوفناک آتشزدگی سے عمارت کا ایک حصہ زمین بوس ہو گیا۔


فائر بریگیڈ کے عملے نے آگ بجھانے کے لیے فیکٹری کی دو حصوں کی دیواریں گرا دیں ، آگ سے کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا تاہم بھاری مالیت کا پلاسٹک اور دیگر سامان جل کر خاکستر ہو گیا ، تفصیلات کے مطابق لانڈھی میں واقع ایکسپورٹ پروسیسنگ زون میں ایک ہزار گز پر قائم پلاسٹک کی فیکٹری میں آگ بھڑک اٹھی جو دیکھتے ہی دیکھتے شدت اختیار کر گئی۔

فائر بریگیڈ ذرائع کے مطابق منگل کی دوپہر2بجکر 2منٹ پر آگ لگنے کی اطلاع موصول ہوئی جس پر ایک ایک کر کے6فائر ٹینڈر اور2باؤزر موقع پر روانہ کر دیے گئے تاہم اس وقت تک آگ انتہائی شدت اختیار کر گئی تھی جس کے شعلے دور دور تک دیکھے جا رہے تھے ، آگ کی شدت کے باعث فیکٹری کا ایک حصہ زمین بوس ہو گیا جبکہ فائر بریگیڈ کے عملے نے امدادی کاموں میں مشکلات کے باعث فیکٹری کی دو سائیڈ کی دیواریں گرا دیں ، فائر بریگیڈ کے عملے نے8 گھنٹے کی جدو جہد کے بعد آگ پر قابو پالیا تاہم کولنگ کا کام رات گئے تک جاری رہا ۔
Load Next Story