نیاز اسٹیڈیم حیدرآباد کی رونقیں 5 برس بعد بحال

افغانستان سے ون ڈے میچ میں آفریدی سندھ ریجنل کمبائنڈالیون کی قیادت کرینگے

فول پروف سیکیورٹی انتظامات کے تحت پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری تعینات۔ فوٹو: فائل

نیاز اسٹیڈیم حیدرآبادکی رونقیں 5 برس بعد بدھ کو بحال ہو رہی ہیں، یہاں افغانستان اور سندھ ریجنل کمبائنڈ الیون کے مابین ون ڈے میچ کھیلا جائیگا۔

میزبان سائیڈکی قیادت آل رائونڈر شاہد آفریدی کرینگے، صبح ساڑھے 9 بجے شروع ہونے والا مقابلہ دیکھنے کیلیے شائقین کا اسٹیڈیم میں داخلہ مفت ہوگا،اسکولوں کے طلبا و طالبات اور اساتذہ کو بھی میچ دیکھنے کیلیے مدعو کیا گیا ہے، فول پروف سیکیورٹی انتظامات کے تحت پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری اسٹیڈیم کے اندر اور باہر تعینات کی جائیگی،سندھ ریجنل کمبائنڈ الیون میں حیدرآباد ، لاڑکانہ ، دادو اور میرپور خاص سے تعلق رکھنے والے 5 کھلاڑی رضوان احمد ، میر علی ، زاہد محمود ، ظفر علی ، عقیل احمد جبکہ کراچی کے 9 پلیئرز خرم منظور ، محمد سمیع ، عاطف مقبول ، فراز احمد ،محمد وقاص، محتشم علی اور تابش خان شامل ہیں۔




نیاز اسٹیڈیم میں آخری میچ پاکستان اور زمبابوے کے درمیان 24 جنوری 2008 کو کھیلا گیا تھا، میزبان ٹیم نے اس ون ڈے انٹرنیشنل میں5 وکٹ سے کامیابی حاصل کی تھی،آفریدی نے27 گیندوں پر ناقابل شکست 43 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی اور شائقین ایک بار پھر ان سے عمدہ پرفارمنس کی آس لگائے بیٹھے ہیں۔

نمائندہ ''ایکسپریس'' سے بات چیت کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ افغانستان کیخلاف سیریز سے مجھے فارم میں واپسی میں مدد ملے گی، یہ میچز تمام کھلاڑیوں کیلیے اچھا تجربہ ثابت ہونگے، حریف سائیڈ میں کئی باصلاحیت پلیئرز موجود ہیں جس کی وجہ سے بھرپور مقابلے کی امید ہے،آفریدی نے کہا کہ حیدرآباد میں کافی عرصے بعد کوئی بڑا میچ ہو رہا ہے، مجھے امید ہے کہ شائقین اس میں گہری دلچسپی لینگے، کامیاب انعقاد سے ہم دنیا پر ثابت کر سکتے ہیں کہ پاکستان کھیلوں کیلیے بالکل محفوظ ملک ہے۔
Load Next Story