گرینڈ سلم کی فتوحات فیڈرر نے سرینا ولیمز سے ورلڈ ریکارڈ چھین لیا

مینز ڈبلز میں برطانوی وائلڈ کارڈ جوڑی نے دفاعی چیمپئن ہربرٹ اور مہاٹ کوہرادیا

سوئس ماسٹر نے 15ویں بار چوتھے راؤنڈ میں جگہ بنائی، پری کوارٹر فائنل مرحلے کا آج آغاز۔ فوٹو: فائل

گرینڈ سلم ایونٹس میں سب سے زیادہ میچز جیتنے کا ریکارڈ راجرفیڈرر نے سرینا ولیمز سے چھین لیا۔

سوئس ماسٹر نے یہ کارنامہ گذشتہ دن ومبلڈن کے تیسرے ون جرمن حریف مسچا زیوریف کو 7-6(7/3)،6-4 اور6-4 سے ہراکر انجام دیا، یہ ومبلڈن میں ان کی 87ویں جبکہ مجموعی طور پر گرینڈ سلم میں 317ویں میچ فتح بنی، اس سے قبل سرینا ولیمز 316 فتوحات کے ساتھ اس ریکارڈ کی مالکہ تھیں، اس فہرست میں مارٹینا نیوراٹلووا (306)، کرس ایورٹ (296)، اسٹیفی گراف(280)، وینس ولیمز (254)، نووک جوکووک (236)، جمی اوکونر(233)، آندرے آگاسی(224)، ایوان لینڈل(222) اور رافیل نڈال (217) بھی نمایاں ہیں۔

سیزن کے تیسرے گرینڈ سلم میں اتوار کو وقفہ رہا، تاہم ہفتے کی شب مکمل ہونے والے میچز سے مینز سنگلز کی پری کوارٹر فائنل لائن اپ بھی مکمل ہوگئی، جس کے مطابق ٹاپ سیڈ اینڈی مرے کو راؤنڈ8 میں جگہ بنانے کیلیے بینوئٹ پائر کا سامنا کرنا ہوگا، راجرفیڈرر بلغارین حریف گریگور دیمیتروف سے ٹکرائیں گے، رافیل نڈال کا مقابلہ جائلز مولر سے ہوگا، میلوس راؤنک جرمن حریف الیگزینڈر زیوریف پر قابو پانے کی کوشش کریں گے، ڈومنیک تھیم کو ٹوماس بریڈیچ کا سامنا رہے گا، نووک جوکووک فرنچ پلیئر ایڈرین مینارینو کے مقابل آئیں گے، سام کیورے اور کیون اینڈرسن آمنے سامنے ہوں گے، روبرٹو بوٹسٹا اگٹ کے حریف مارن کلک ہوں گے۔


دوسری جانب پیر کو دیمیتروف سے مقابلے کی بابت فیڈرر نے کہا کہ میں اتوار کو آرام کے بعد تازہ دم ہوکر دوبارہ ٹینس کورٹ میں اتروں گا، سوئس پلیئر نے کہا کہ میں جب بھی دیمیتروف کا سامنا کیا اسے پہلے سے زیادہ مضبوط حریف پایا ہے، واضح رہے کہ 7 بار کے ومبلڈن چیمپئن فیڈرر نے 15ویں بار ایونٹ کے چوتھے راؤنڈ میں رسائی پائی ہے۔

ادھر مینز ڈبلز میں برطانوی وائلڈ کارڈ جوڑی مارکس ویلس اور جے کلارک نے فتوحات کا سلسلہ دراز کرتے ہوئے دوسرے راؤنڈ میں دفاعی چیمپئن کو شکست دے دی، انھوں نے 2 سیڈ جوڑی پیری ہیوز ہربرٹ اور نکولس مہاٹ کیخلاف دلچسپ مقابلے میں 3-6، 6-1، 7-6(7/3)،5-7 اور6-3 سے کامیابی حاصل کی۔

 
Load Next Story