وزارت ہاؤسنگ اہم ترقیاتی منصوبے شروع نہ کرسکی

گزشتہ مالی سال کے وفاقی ترقیاتی پر وگرام کے تحت مختص 67 کروڑ کے فنڈز لیپس ہو گئے

گزشتہ مالی سال کے وفاقی ترقیاتی پر وگرام کے تحت مختص 67 کروڑ کے فنڈز لیپس ہو گئے۔ فوٹو: فائل

PESHAWAR:
وزارت ہاؤسنگ اینڈ ورکس مالی سال2016-17 میں اہم ترقیاتی منصوبوں کے فنڈز استعمال نہیں کر سکی جس کے باعث وزارت کے وفاقی ترقیاتی پر وگرام (پی ایس ڈی پی) کے 67 کروڑ روپے سے زائد فنڈز لیپس ہو گئے۔

وزارت ہاؤسنگ اینڈ ورکس کیلیے مالی سال 2016-17 میں پبلک سیکٹر ڈیولپمنٹ پروگرام (پی ایس ڈی پی) کے تحت 9 ارب 49کروڑ روپے رکھے گئے تھے جس میں سے وزارت کی جانب سے8 ارب 82 کروڑ 23 لاکھ روپے زیر استعمال لائے گئے جبکہ67 کروڑ روپے سے زائد کے ترقیاتی فنڈز لیپس کر گئے۔


گزشتہ مالی سال کے دوران وزارت ہاؤسنگ اینڈ ورکس کی جانب سے قومی احتساب بیورو پنجاب کمپلیکس لاہور کی تعمیر نہیں کی جا سکی جس کے 10کروڑ روپے لیپس کر گئے فیڈرل لاجز ٹو شامی روڈ پشاور کیلیے مختص کردہ 2کروڑ 24لاکھ روپے استعمال میں نہیں لائے جا سکے۔

اسی طرح فورٹ روڈ پشاور میں ڈسٹرکٹ اکاؤنٹس آفیسر کیلیے ایڈیشنل بلاک کی تعمیر 1کروڑ 17لاکھ روپے کی مختص کر دہ رقم بھی لیپس کر گئی۔ شاہراہ گلشن کوئٹہ میں نیب کمپلیکس میں 8فیملی سوٹ اور واٹر ٹینک کی تعمیر کیلیے مختص کردہ 1کروڑ سے زائد رقم لیپس کر گئی۔

واضح رہے کہ اس کے علاوہ بھی وزارت ہاؤسنگ اینڈ ورکس کے متعدد منصوبے ایسے ہیں جن کیلیے مختص کردہ رقم میں سے ایک روپیہ بھی زیر استعمال نہیں لا یا جا سکا۔
Load Next Story