لوڈشیڈنگ کے خلاف عوام کا غصہ غلط نہیں سائرہ افضل تارڑ

بیس بیس گھنٹے کی لوڈشیڈنگ افسوسناک ہے، پروگرام فرنٹ لائن میں مظاہرین کا بھی اظہار خیال

بیس بیس گھنٹے کی لوڈشیڈنگ افسوسناک ہے، پروگرام فرنٹ لائن میں مظاہرین کا بھی اظہار خیال۔ فائل فوٹو

مسلم لیگ ن کی ایم این اے سائرہ افضل تارڑنے کہاہے کہ لوڈشیڈنگ کے خلاف عوام کا غصہ غلط نہیں ہے لیکن میری ذاتی طور پر احتجاجی مظاہرین سے درخواست ہے کہ وہ توڑپھوڑ نہ کریں اور سرکاری املا ک کو نقصان نہ پہنچائیں ۔میں نے ہمیشہ اپنے حلقے کے عوام کی آواز اعلیٰ حکام تک پہنچائی ہے ۔

پروگرام فرنٹ لائن میں اینکر پرسن اسد اللہ خان سے گفتگو میں انھوں نے کہاکہ لوڈشیڈنگ واقعی ملک کا بڑا مسئلہ بن چکا ہے انرجی بحران کے خاتمے میں تین سال کا وقت لگ سکتا ہے ۔ق لیگ کے مقامی رہنما مبشرعباس بھٹی نے کہاکہ ہم حکومت کے اتحادی ضرور ہیں لیکن جب ہم نے دیکھا کہ عوام پریشان ہیں تو ہم نے عوام کے ساتھ احتجاج میں حصہ لیا ۔ہم نے شائد عوام کی خدمت کے مناسب کام نہیں کیا ہوگا لیکن ہم پرتشدد احتجاج پریقین نہیں رکھتے لوڈشیڈنگ کے بحران کی ذمے دار صرف وفاقی حکومت ہی نہیں پنجاب حکومت بھی ہے ۔


پیپلزپارٹی کے مقامی رہنما پھول اعوان نے کہاکہ ہم نے صدر سے ملاقات میں اپنی تشویش کا اظہار کیا ہے اورکہاہے کہ اگر لوڈشیڈنگ ختم نہ ہوئی تو ہم عوام میں ووٹ لینے کے لیے کس طرح جاسکیں گے ۔حکومت نے ق لیگ سے اتحاد بنانے میں جتنی توجہ دی ہے اگر اتنی توجہ لوڈشیڈنگ کے خاتمے پر دی ہوتی تو آج یہ دن نہ دیکھنے پڑتے۔ پروگرام میں لوڈشیڈنگ کے خلاف احتجاج کرنے والے عوام نے شدید غم وغصے کا اظہا رکیا۔

ایک نوجوان نے کہاکہ رمضان المبارک میں بیس بیس گھنٹے کی طویل لوڈشیڈنگ انتہائی افسوس ناک ہے اور اس کی ذمے دار وفاق اور پنجاب دونوں ہیں ۔ایک شخص نے کہاکہ ہم نے احتجاج کیا ہے لیکن نہ اے ٹی ایم مشین لوٹی نہ ڈاکخانے کے عملے کو نقصان پہنچایا ۔ایک ادھیڑعمرآدمی نے کہاکہ حافظ آباد میں پاور لومز کا کاروبار عروج پر تھا مگر لوڈشیڈنگ نے اس کا روبار کو تباہ کردیا ہے ۔ایک شخص نے کہاکہ ہمیں نالیاں اور سڑکیں نہیں چاہیے ہمیں بجلی چاہیے ۔مقامی تاجر رہنما شیخ امجد نے کہاکہ اسوقت پوری کابینہ ملک کودونوں ہاتھوں سے لوٹ رہی ہے اور عوام بیچارے بجلی کو ترس رہے ہیں ۔
Load Next Story