گینگنم اسٹائل سے سب سے زیادہ دیکھی جانے والی ویڈیو کا اعزاز چھن گیا

گینگنم اسٹائل سے یہ اعزاز امریکی گلوکاروں وز خلیفہ اور چالی پوتھ کے گانے ’’سی یو اگین‘‘ نے چھینا

جنوبی کورین گلوکار کا گانا گینگنم اسٹائل گزشتہ پانچ برس سے ٹاپ پر تھا — فوٹو : فائل

جنوبی کورین گلوکار سائی کے سپر ہٹ گانے ''گینگنم اسٹائل'' سے یوٹیوب پر سب سے زیادہ دیکھی جانے والی ویڈیو کا اعزاز چھن گیا۔

برطانوی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ پانچ برس سے گینگنم اسٹائل یوٹیوب پر سب سے زیادہ دیکھی جانے والی ویڈیو رہی ہے تاہم اب اس سے یہ اعزاز امریکی گلوکاروں وز خلیفہ اور چالی پوتھ کے گانے ''سی یو اگین'' نے چھین لیا ہے۔ اس گانے میں وز خلیفہ اور چارلی پوتھ نے کار حادثے میں ہلاک ہوجانے والے مشہور ہالی ووڈ فلم فاسٹ اینڈ دی فیوریس کے آنجہانی اداکار پال واکر کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔


سی یو اگین کو اب تک یوٹیوب پر 2 ارب 89 کروڑ 53 لاکھ 73 ہزار 709 مرتبہ دیکھا جاچکا ہے جب کہ اس کے مقابلے میں گینگنم اسٹائل کو اب تک 2 ارب 89 کروڑ، 44 لاکھ، 26 ہزار 475 بار دیکھا جاچکا ہے۔

سی یو اگین کے گلوکار چارلی پوتھ نے اس موقع پر کہا کہ 2007 میں انہوں نے یوٹیوب میں قدم رکھا تھا اور اس وقت انہیں اپنی ویڈیو کا 10 ہزار بار دیکھا جانا ایک خواب معلوم ہوتا تھا اور اب انہیں یہ معلوم ہوا ہے کہ ان کے گانے کو 2 ارب سے زیادہ لوگوں نے دیکھا ہے۔

یہ گانا 2015 میں ریلیز کیا گیا تھا اور ابتدائی 6 ماہ کے اندر ہی اسے ایک ارب بار دیکھا جاچکا تھا جب کہ گزشتہ برس ستمبر میں اس نے 2 ارب بار دیکھنے جانے کا اعزاز حاصل کرلیا تھا۔ اس وقت یوٹیوب پر سب سے زیادہ بار دیکھی جانے والی ویڈیو سی یو اگین، دوسرے نمبر پر گینگنم اسٹائل اور تیسرے نمبر پر جسٹن بیبر کا گانا ''سوری'' ہے۔
Load Next Story