یونس خان نے اپنا تاریخی بیٹ عطیہ کر دیا

یونس خان نے اس بیٹ سے ٹیسٹ کرکٹ میں 10 ہزار رنز مکمل کیے تھے

یونس خان کے بیٹ کی نیلامی سے حاصل ہونے والی رقم تعلیم پر خرچ کی جائے گی۔ فوٹو: اے ایف پی

KARACHI:
لیجنڈ پاکستانی کرکٹر یونس خان نے وعدے کے مطابق اپنے اس تاریخی بلے کو فلاحی تعلیمی ادارے کو عطیہ کر دیا جس سے انہوں نے ٹیسٹ کرکٹ میں 10 ہزار رنز مکمل کیے تھے۔

قومی ٹیم کے سابق کپتان یونس خان نے کراچی میں ہونے والی ایک تقریب کے دوران اپنا بیٹ دی سٹیزنز فاؤنڈیشن کو پیش کردیا جس کی نیلامی سے حاصل آمدنی تعلیم پر خرچ کی جائے گی۔ یونس خان نے تقریب سے خطاب میں اسکول کے بچوں کو زندگی میں اچھا انسان بننے کی ترغیب بھی دی۔ انہوں نے کہا کہ خوشی ہے کہ وہ ایک فلاحی ادارے سے منسلک ہیں اور ان لوگوں میں سے ایک ہیں جو معاشرے میں تبدیلی لانا چاہتے ہیں۔


یہ بھی پڑھیں: یونس خان کا ٹیسٹ کرکٹ میں تاریخ ساز کارنامہ

یونس خان نے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف کی جانب سے اگر انہیں ایک کروڑ کا انعام ملا ہے تو وہ پہلے ہی اعلان کر چکے ہیں کہ وہ اس رقم کو بھی عطیہ کر دیں گے۔ پی سی بی کے رویے کے حوالے سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں یونس خان نے کہا کہ پی سی بی کے رویے سے سب واقف ہیں نہ وہ تبدیل ہوئے ہیں اور نہ میں۔ جب ان سے پوچھا گیا کہ پی سی بی میں کیا تبدیلی آنی چاہیے تو انہوں نے کہا کہ پی سی بی کے معاملات وہ نہیں چلا رہے اور نہ یہ ان کا کام ہے لہٰذا وہ اس پر تبصرہ نہیں کرنا چاہتے۔

یاد رہے کہ یونس خان ٹیسٹ کرکٹ میں 10 ہزار رنز مکمل کرنے والے پہلے پاکستانی کھلاڑی ہیں اور انہوں نے یہ سنگ میل رواں برس اپریل میں ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں عبور کیا تھا۔ اب تک دنیا کے صرف 13 بیٹسمینوں کو یہ اعزاز حاصل ہوا ہے۔
Load Next Story