2009 سے اب تک دفاعی تنصیبات پر 16 حملے ہوچکے ہیں سیکریٹری دفاع

دہشتگردوں کے حملوں کے بعد ملک کی تمام تنصیبات پر فوج تعینات کردی گئی ہے، سیکریٹری دفاع

کامرہ ایئر بیس پر 10 دہشت گردوں نے حملہ کیا اس دوران ایک اواکس طیارہ تباہ ہوا ، سیکریٹری دفاع۔ فوٹو : اے ایف پی/ فائل

سیکریٹری دفاع لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ آصف یاسین ملک نے کہا ہے کہ 2009 سے اب تک دفاعی تنصیبات پر 16 حملے ہوچکے ہیں جبکہ حملوں میں ملوث حساس اداروں کے اہلکاروں کو سزائیں دی جاچکی ہیں۔

اسلام آباد میں قائمہ کمیٹی برائے دفاع کو بریفنگ کے دوران آصف یاسین ملک نے بتایا کہ 2009 سے اب تک ملک کی مختلف دفاعی تنصیبات پر دہشت گردوں کے 16 حملے ہوچکے ہیں جن میں سے آخری دو کامرہ اور پشاور ایئر بیس پر حملے تھے۔


سیکریٹری دفاع کا کہنا تھا کہ کامرہ ایئر بیس پر 10 دہشت گردوں نے حملہ کیا اس دوران ایک اواکس طیارہ تباہ ہوا اور فورسز کی کارروائی کے دوران تمام دہشت گردوں کو ہلاک کردیا گیا جبکہ پشاور بیس پر دہشت گردوں نے چاروں اطراف سے حملہ کیا تاہم دفاعی تنصیبات محفوظ رہیں۔

آصف یاسین ملک کا کہنا تھا کہ حملوں کے بعد دفاعی تنصیبات کی سیکیورٹی پر نظر ثانی کی گئی اور ملک کی تمام تنصیبات پر فوج تعینات کردی گئی ہے جبکہ تحقیقات کے بعد دہشت گردوں کے حملوں میں معاونت کرنے والے حساس اداروں کے اہلکاروں کو بھی سزائیں دی گئیں ہیں۔
Load Next Story