بدترین شکست کے بعد پاکستانی ٹیم کیپ ٹاؤن پہنچ گئی

عمران فرحت کی لاہور سے جنوبی افریقہ روانگی، وارم اپ میچ میں شرکت کریں گے۔

عمران فرحت کی لاہور سے جنوبی افریقہ روانگی، وارم اپ میچ میں شرکت کریں گے۔ فوٹو : فائل

جنوبی افریقہ کیخلاف جوہانسبرگ ٹیسٹ میں بدترین شکست کے بعد پاکستانی کرکٹ ٹیم بدھ کی دوپہر کیپ ٹائون پہنچ گئی۔

تقریباً ڈیڑھ گھنٹے کی فلائٹ کے بعد جب پلیئرز ایئرپورٹ سے ہوٹل گئے تو آرام کو ترجیح دی، البتہ چند کھلاڑیوں نے جم ٹریننگ اور سوئمنگ کی۔ قبل ازیں منگل کو پاکستانی سائیڈ نے جوہانسبرگ میں شاپنگ کر کے وقت گذارا، رات کو تمام کرکٹرز نے ایک عشائیے میں شرکت کی، سیریز کا دوسرا ٹیسٹ 14 فروری سے شروع ہوگا۔




اس سے قبل مہمان سائیڈ اتوار سے ویسٹرن پراونس انوی ٹیشن الیون کیخلاف دو روزہ میچ میں حصہ لے گی، توقع ہے کہ اوپنر عمران فرحت بھی اس مقابلے کے دوران ایکشن میں نظر آئیں گے، وہ گذشتہ روز لاہور سے کیپ ٹائون روانہ ہو گئے، اوپنر کو توفیق عمر کے ان فٹ ہونے پر اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔

علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر میڈیا سے بات چیت میں عمران فرحت نے کہا کہ ڈومیسٹک کرکٹ میں میری عمدہ کارکردگی سب کے سامنے ہے، پروٹیز کے خلاف بھی شاندار کھیل پیش کرنے کی کوشش کروں گا۔ ایک سوال پر انھوں نے کہا ہارجیت کھیل کا حصہ ہے اس لیے پہلے ٹیسٹ میں شکست پر قوم کو مایوس نہیں ہونا چاہیے، سیریز کے بقیہ میچز میں ٹیم عمدہ کھیل پیش کرے گی۔
Load Next Story