افغانستان نے سندھ ریجنل کمبائنڈ کو 9 وکٹ سے مات دیدی

حمزہ ہوتک کی 5 وکٹیں، شہزاد نے نصف سنچری بنائی، شاہد آفریدی کا جادو نہ چل سکا۔

حیدرآباد: افغانستان کیخلاف ون ڈے میچ میں آفریدی کا جارحانہ اسٹروک، وہ 16 رنز تک محدود رہے۔ فوٹو : فائل

افغان کرکٹ ٹیم نے ون ڈے میچ میں سندھ ریجنل کمبائنڈالیون کو باآسانی 9 وکٹ سے مات دیدی۔

مین آف دی میچ حمزہ ہوتک نے 5 وکٹیں لیکر میزبان ٹیم کو 112 رنز پر ٹھکانے لگا دیا، شاہدآفریدی نے ایک بار پھر شائقین کو مایوس کیا اور صرف 16 رنز بنا سکے، مہمان سائیڈ نے 19 ویں اوور میں ہدف حاصل کر لیا، محمد شہزاد نے نصف سنچری بنائی۔ تفصیلات کے مطابق نیاز اسٹیڈیم حیدرآباد میں ٹاس جیت کر بیٹنگ کرتے ہوئے میزبان ٹیم 37.5 اوورز میں112 رنز پر ڈھیر ہوگئی، ٹیسٹ اوپنر خرم منظور بغیرکوئی رن بنائے دولت زردان کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے دوسری وکٹ 29 کے مجموعی اسکور پرگری جب کریم صادق نے اپنی ہی گیند پر عقیل انجم(18) کا کیچ تھام لیا۔

آفریدی ایک بار پھر روایتی جادو جگانے میں ناکام رہے،کپتان صرف 16 رنزبنا کر حمزہ ہوتک کی گیند پر دولت کو کیچ تھما کر واپس پولین لوٹ گئے، محتشم علی (21) کو حمزہ ہوتک نے کلین بولڈکر کے پویلین بھیجا ، میزبان ٹیم کو پانچواں نقصان 75 رنز پر اٹھانا پڑا جب اکبر الرحمان بغیرکھاتہ کھولے ہوتک کا تیسرا شکار بنے، ٹیم کے مجموعی اسکور میں 2 رنزکے اضافے سے چھٹی وکٹ گری، جب انٹرنیشنل کھلاڑی رضوان احمد 8 رنز بنا کر حمزہ ہوتک کی گیند پر وکٹوں کے عقب میں کیچ ہوگئے۔




میر علی کو صفر پر آؤٹ کر کے ہوتک نے اپنا پانچواں شکارکیا، ظفر علی (15) دولت زردان کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے،77 پر 8 پلیئرز کی رخصتی کے بعد ایسا لگ رہا تھا کہ میزبان ٹیم سنچری بنانے میں بھی ناکام رہے گی، تاہم محمد سمیع نے جارحانہ انداز میں کھیلتے ہوئے21 رنز بنا کر ٹیم کے مجموعے کو112تک پہنچایا، انھیں دولت زردان نے ایل بی ڈبلیو کیا،عاطف مقبول (3) رن آؤٹ ہوئے، تابش خان صفر پر ناٹ آئوٹ رہے، حمزہ ہوتک نے صرف 15رنز دیکر 5 کھلاڑیوں کو میدان بدر کیا، دولت زردان نے 2 وکٹیں لیں۔

جواب میں افغانستان کی ٹیم نے آسان ہدف 18.4 اوورز میں ایک وکٹ پر حاصل کر لیا، محمد شہزاد نے جارحانہ انداز میں کھیلتے ہوئے 8 چوکوں اور 2 بلند و بالا چھکوں کی مدد سے 58 رنز بنائے، وہ عاطف مقبول کا شکار بنے، کریم صادق 36 اور محمد جاوید 15رنز پر ناقابل شکست رہے،آفریدی نے دو اوورز میں 29 رنز دیے۔
Load Next Story